Nov ۱۹, ۲۰۱۸ ۰۸:۵۵ Asia/Tehran
  • خاشقجی کے قاتل لاش کی باقیات ترکی سے باہر لے گئے: ترکی

ترکی نے کہا ہے کہ خاشقجی کے لاش کی باقیات سعودی حکام اپنے ساتھ لے گئے۔

کینیڈا میں انٹرنیشنل کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے ترکی کے وزیردفاع نے کہا کہ اندازہ یہ ہے کہ قاتل، قتل کے تین یا چار گھنٹوں کے بعد ہی ترکی سے چلے گئے اور جاتے ہوئے لاش کی باقیات بھی ممکنہ طور پر اپنے سامان میں ساتھ ہی لے گئے۔

سفارتی استثنیٰ کی وجہ سے انہیں لاش کی باقیات سامان میں ساتھ لے جانے میں مشکل بھی نہیں ہوئی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ترک حکام خاشقجی کی لاش کو کیمیکل سے تلف کیے جانے کے امکانات کا جائزہ بھی لے رہے ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے حوالے سے ان کی انتظامیہ کی رپورٹ اگلے 2 روز میں جاری کی جائے گی جس میں واضح کیا جائے گا کہ قتل کس نے اور کس کے حکم پرکیا تھا۔

امریکا کی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے حوالے سے 17 نومبر کو امریکی ذرائع ابلاغ میں رپورٹس آئی تھیں کہ ایجنسی کی جانب سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کا قتل طاقتور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے حکم پر ہوا۔

واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سی آئی اے نے مختلف خفیہ ذرائع کا جائزہ لیا، جس میں امریکا کے لیے سعودی سفیر اور ولی عہد کے بھائی خالد بن سلمان اور جمال خاشقجی کے درمیان کی فون کال بھی شامل ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس کال میں خالد بن سلمان نے مقتول صحافی کو بتایا تھا کہ وہ استنبول میں قونصل خانے جاکر مطلوب دستاویزات حاصل کرلیں اور وہ وہاں محفوظ رہیں گے۔

جمال خاشقجی ماضی میں سعودی شاہی خاندان کے انتہائی قریب رہے مگر محمد بن سلمان کے اقتدار میں آنے کے بعد سعودی عرب میں صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنان اور حکومت کے ناقدین کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا اور یمن پر جنگ مسلط کردی جبکہ قطر کے خلاف بھی محاذ گرم کیا جس پر جمال خاشقجی نے سعودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کیا۔

محمد بن سلمان کی جانب سے ناقدین کے خلاف کارروائی کے باعث جمال خاشقجی امریکا منتقل ہوگئے اور واشنگٹن پوسٹ میں کالم لکھتے رہے۔

خاشقجی 2 اکتوبر کو اپنی ترک منگیتر سے شادی کرنے کے لیے ضروری دستاویزات بنانے استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے چلے گئے جہاں پہلے سے ڈیتھ اسکواڈ ان کے انتظار میں بیٹھا تھا اور سعودی قونصل خانے میں ہی انہیں قتل کر دیا ۔

 

ٹیگس