Nov ۲۰, ۲۰۱۸ ۱۶:۵۳ Asia/Tehran
  • دہشت گردی پر شام کی فتح تمام عرب ملکوں کی کامیابی کے مترادف، بشار اسد

شام کے صدر بشار اسد نے کہا ہے کہ دہشت گردی پر شام کی فتح مغربی منصوبوں کے مقابلے میں تمام عرب ملکوں کی کامیابی کے مترادف ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شام کے صدر بشار اسد نے پیر کے روز دمشق میں اردن کے پارلیمانی وفد سے ملاقات میں قوموں کی بیداری میں پارلیمانوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ شام کی قوم اور فوج جو استقامت کے میدان میں بنیادی عامل شمار ہوتی ہیں، اپنی عرب قومی وابستگی پر کاربند ہیں۔

اردن کے پارلیمانی وفد نے اسی طرح شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم سے ملاقات میں دونوں ملکوں کی قوموں کی خواہش کی بنیاد پر شام اور اردن کے درمیان نصیب سرحدی گذرگاہ کی تعمیرنو کی اہمیت اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور اشیا و مصنوعات کی منتقلی میں اس کے مثبت کردار پر تاکید کی۔

دوسری جانب شام کی مسلح افواج کی کمان نے اعلان کیا ہے کہ صوبے سویدا کے جنوبی علاقے الصفا کی پہاڑیوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرائے جانے کے بعد اس علاقے سے دہشت گرد عناصر کا مکمل طور پر صفایا کر دیا گیا۔

شام کی مسلح افواج کی کمان نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ الصفا کی پہاڑیوں پر شامی فوج کا مکمل کنٹرول ہے اور اس طرح سویدا کے جنوب میں تین سو اسّی کلومیٹر کے صحرائی علاقے سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا گیا۔

شامی فوج نے سویدا کے مضافاتی علاقوں میں داعش دہشت گردوں کے خلاف اگست میں آپریشن شروع کیا تھا اس وقت وہاں کے پچاس فیصد علاقوں پر داعش دہشت گردوں کا قبضہ تھا۔

شام کی مسلح افواج کی کمان نے اعلان کیا ہے کہ سویدا کے علاقے مین فوجی ٹھکانے بڑھا دیئے گئے ہیں تاکہ دہشت گردوں کو نفوذ کرنے کا موقع نہ مل سکے اور صحرائی علاقوں میں داعش دہشت گردوں کے فرار کا راستہ بھی منقطع ہو جائے۔

داعش دہشت گردوں نے پچّیس جون کو سویدا اور اس صوبے کے مشرقی اور شمالی مضافاتی علاقوں پر حملہ کر دیا تھا جس میں دو سو پندرہ شامی شہری جاں بحق اور تقریبا ایک سو پچہتّر دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

قابل ذکر ہے کہ سویدا کا صحرائی علاقہ جنوبی شام میں داعش دہشت گرد گروہ کا آخری ٹھکانہ شمار ہوتا ہے۔

ٹیگس