Dec ۰۱, ۲۰۱۸ ۱۰:۳۶ Asia/Tehran
  • عراق میں یمنی عوام کی حمایت اور سعودی عرب کے خلاف مظاہرہ

عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہزاروں افراد نے یمن کے نہتے عربوں کی حمایت اور یمن پر سعودی عرب کی جارحیت اور بربریت کی مذمت کرتے ہوئے عظیم الشان مظاہرہ میں حصہ لیا ہے ۔

العہد کی رپورٹ کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد میں دسیوں ہزار افراد نے یمن کے نہتے عربوں کی حمایت اور یمن پر سعودی عرب کی جارحیت اور بربریت کی مذمت کرتے ہوئے عظیم الشان مظاہرے کئے ۔ مظاہرین نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے خلاف شدید نعرے لگائے۔ مظاہرین نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ یمن میں سعودی عرب کے وحشیانہ مظالم کو روکنے کے لئے عملی اقدامات کریں۔

مظاہرین نے سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان کے خلاف بھی نعرے لگاتے ہوئے اس پر جنگی جرائم کی عالمی عدالت میں مقدمہ قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

 مظاہرین نے یمن میں آل سعود حکومت اور اتحادیوں کے مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی اور اس ملک میں انسانی المیے پر بین الاقوامی تنظیموں کی خاموشی کی مذمت کی اور یمنی عوام کو عالمی برادری کی جانب سے مدد کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے امریکا اور اسرائیل کی حمایت سے اور اتحادی ملکوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ جارحیتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے

یمن کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ مغربی ایشیا کے اس غریب عرب اسلامی ملک کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔پینتالیس ماہ سے جاری سعودی جارحیت اور محاصرے کی وجہ سے سولہ ہزار سے زائد یمنی شہری شہید اور دسیوں ہزار زخمی ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

ٹیگس