Dec ۱۰, ۲۰۱۸ ۱۹:۰۶ Asia/Tehran
  • داعش کی شکست میں ایران و حزب اللہ کا کردار ناقابل فراموش ہے، عراقی عہدیدار

عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر نے داعش کے خلاف جنگ میں ایران اور حزب اللہ کے تعاون کی قدر دانی کی ہے۔

 پیر کے روز داعش کی شکست کی پہلی سالگرہ کے موقع پر جاری کیے جانے والے ایک بیان میں عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی  کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہندس المہدی نے عرا ق میں داعش کی شکست کو دہشت گردوں اور ان کے علاقائی و بین الاقوامی حامیوں پر قومی عزم و ارادے کی فتح قرار دیا ہے۔ابومنہدس المہدی نے یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ داعش کے خلاف جنگ میں ایران اور حزب اللہ کی مدد اور تعاون کو ہرگز فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے واضح کیا کہ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیدعلی سیستانی کی جانب سے جاری کیے جانے والے جہاد کفائی کے فتوے نے عراقی عوام کی توانائیوں اور ہمت و حوصلے کو جلا بخشی اور انہیں کامیابی سے ہمکنار کیا۔عراق کے وزیر اعظم عادل عبدالمہدی نے بھی دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف کامیابی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عراقی عوام اپنے ملک کو خطے میں دہشت گردوں کے اڈے یا گزرگاہ میں تبدیل کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔