Dec ۱۱, ۲۰۱۸ ۲۰:۰۳ Asia/Tehran
  • صییہونی فوجیوں کی بربریت ایک اور فلسطینی نوجوان شہید

صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر الخلیل میں ایک اور فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا ہے

فلسطین الیوم ویب سائٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر الخلیل میں ایک ستائیس سالہ نوجوان عمر حسن العواودہ کوگولی مارکر شہید کردیا ہے۔
صیہونی فوجیوں نے دعوی کیا ہے کہ اس فلسطینی نوجوان کو اس وقت گولی مار گئی جب اس نے سیکورٹی چیک پوسٹ پر رکنے سے انکار کردیا - فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں نے اس فلسطینی نوجوان کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن وہ زخموں کی شدت کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔
صیہونی فوجی آئے دن مختلف بہانوں سے فلسطینی شہریوں پر فائرنگ کرکے انہیں شہید اور زخمی کردیتے ہیں پا پھر گرفتار کرلیتے ہیں۔
اس درمیان فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے فلسطینی عوام کے خلاف صیہونیوں کے بےتحاشا مظالم کے بارے میں اقوام متحدہ کی خاموشی پر تنقید کی ہے۔
حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صیہونی حکومت فلسطینی عوام کا قتل عام کررہی ہے، فلسطینیوں کی زمینوں پر جبرا قبضہ کررہی ہے، فلسطینی علاقوں کو یہودی اور صیہونی آبادیوں میں تبدیل اور فلسطینی شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے بھی محروم کررہی ہے۔
حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ صیہونی حکومت غزہ کا محاصرہ جاری اور فلسطینیوں کے پرامن واپسی مارچ کو کچل کر انسانی حقوق کے عالمی منشور کی بدستور خلاف ورزی کررہی ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیرخارجہ نے ایک بار پھر اسرائیل کے لئے امریکی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
امریکی وزیرخارجہ مائیک پمپیئو نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ امریکی حکومت اسرائیل کی حمایت جاری رکھے گی -

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جب بھی فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کی مذمت میں کوئی قرارداد اقوام متحدہ میں پیش کی جاتی ہے یا عالمی سطح پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کی جاتی ہے تو واشنگٹن اسرائیلی مظالم کی یہ کہہ کر حمایت کرتا ہے کہ اسرائیل اپنا دفاع کررہا ہے - امریکی وزیرخارجہ نے اس بار بھی اسرائیلی مظالم کی یہ کہتے ہوئے حمایت کی ہے کہ تل ابیب انتظامیہ اپنا دفاع کررہی ہے۔
پمپیئو نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا ہے جب فلسطین اور حماس کے خلاف اقوام متحدہ میں امریکا کی طرف سے پیش کی گئی قرارد کو مسترد کردیا گیا ہے۔

ٹیگس