Jan ۲۷, ۲۰۱۹ ۱۵:۳۸ Asia/Tehran
  • صیہونیوں کے جرائم کے خلاف فلسطینیوں کا مظاہرہ

فلسطینیوں نے غرب اردن کے شہر رام اللہ میں مظاہرہ کر کے غاصب صیہونیوں کے جرائم کی شدید مذمت کی۔

فلسطینی ذرائ‏ع کے مطابق رام اللہ کے فلسطینیوں نے صیہونیوں کے جرائم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ غاصب صیہونیوں کے جرائم کے مقابلے میں فلسطینیوں کی حمایت کریں۔

ہفتے کے روز رام اللہ کے علاقے المغیر پر غاصب صیہونیوں کے حملے میں ایک فلسطینی شہید اور دسیوں دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

المنار نے بھی رپورٹ دی ہے کہ رام اللہ کے المغیر نامی علاقے پر صیہونیوں کے وحشیانہ حملے کے بعد جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ ان جھڑپوں کے حوالے سے فلسطین کی وزارت صحت کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کو ہونے والی جھڑپوں میں ایک فلسطینی شہید اور تیس دیگر زخمی ہو گئے۔

صیہونیوں کی یہ جارحیت ایسے وقت میں انجام پائی کہ اس جھڑپ سے ایک روز قبل صیہونیوں نے تین فلسطینیوں کو شہید کر دیا تھا۔

ادھر غزہ میں تیس مارچ دو ہزار اٹھارہ سے جاری فلسطینیوں کے گرینڈ واپسی مارچ پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں بھی اب تک دو سو پچپن سے زائد فلسطینی شہید اور چھبیس ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

 فلسطینی عوام نے اپنے حقوق کی بازیابی کے لئے تیس مارچ دو ہزار اٹھارہ سے گرینڈ واپسی مارچ کا آغاز کیا تھا جس کے تحت ہزاروں افراد ہر جمعے کو غزہ سے ملنے والی مقبوضہ فلسطین کی سرحدوں کی جانب مارچ کرتے ہیں۔

ٹیگس