Jan ۲۸, ۲۰۱۹ ۰۹:۲۱ Asia/Tehran
  • ملائیشیا کو اسرائیل دشمنی کی اتنی بڑی سزا

اسرائیلی ایتھلیٹس کو شرکت کی اجازت نہ دینے پرملائیشیا کو ایونٹ کی میزبانی سے محروم کر دیا گیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ اسرائیلی ایتھلیٹس کو ایونٹ میں شرکت کی اجازت نہ دینے پر انٹرنیشنل پیرالمپکس کمیٹی نے ملائیشیا کو 2019 ورلڈ پیرا سوئمنگ چیمپیئن شپ کی میزبانی سے محروم کردیا۔

انٹرنیشنل پیرالمپکس کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب ملائیشین حکام اسرائیلی تیراکوں کی ایونٹ میں بلاتفریق باحفاظت شرکت کے حوالے سے ضروری یقین دہانی کرانے میں ناکام رہے۔ کمیٹی کے صدر اینڈریو پارسن نے کہا کہ جب میزبان ملک کسی خاص ملک کے ایتھلیٹس کو سیاسی وجوہات کے سبب ایونٹ سے باہر کر دے تو ہمارے پاس چیمپیئن شپ کا نیا میزبان ڈھونڈنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔

اس فیصلے پر ملائیشیا کے وزیر کھیل سید صادق سید عبدالرحمان نے کہا کہ نیتن یاہو حکومت کے ہاتھوں قتل ہونے والے معصوم فلسطینی بہنوں اور بھائیوں کے لیے کھڑے ہونے اور ان کا ساتھ دینے سے بڑھ کر کھیلوں کے عالمی ایونٹس کی میزبانی اہم نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم انسانیت کی خاطر فلسطینی بھائیوں کا ساتھ دینے کے اپنے فیصلے پر قائم ہیں اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال مارچ سے اب تک اسرائیل کے خلاف احتجاج کرنے والے255  سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ۔

 

ٹیگس