Jan ۲۸, ۲۰۱۹ ۱۳:۵۰ Asia/Tehran
  • شامی فوج کے تازہ دم دستے ادلب اور حماہ کے محاذ پر پہنچ گئے

دہشت گردوں کی نابودی کی غرض سے شامی فوج کے تازہ دم دستے ملک کے مغربی اور شمالی محاذ پر پہنچ گئے ہیں۔

دمشق میں دفاعی اور عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ شامی فوج کے تازہ دم دستوں کو جو ٹینکوں اور توپوں سے لیس ہیں، صوبہ ادلب اور حماہ کے محاذوں پر تعینات کر دیا گیا۔
ان اقدامات کا مقصد ان علاقوں سے دہشت گردوں کا ممکل صفایا کر کے حکومت کا مکمل کنٹرول قائم کرنا ہے۔
شامی فوج نے اتوار کی شب شمالی حماہ کے علاقے الاربعین کی جانب سے دہشت گردوں کی پیشقدمی کو بھی ناکام بنا دیا۔
شامی فوج کے توپ خانے نے شمالی صوبے حماہ کے علاقوں الزکاہ، الاربعین، طامنہ اور حصرایا میں دہشت گردوں کے ٹھکانون پر گولہ باری کی۔
تحریر الشام سمیت مختلف دہشت گرد گروہ حماہ اور ادلب کے شمالی نواحی علاقوں میں سرگرم ہیں اور وہاں سے شام کے مخلتف علاقوں پر حملے کرتے ہیں۔
 اس سے پہلے شامی فوج نے صوبے حماہ کے شمالی مضافاتی علاقے الشریعہ میں داخل ہونے کی دہشت گردوں کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
شامی فوج نے حماہ کے شمالی مضافاتی علاقے ابو رعیدہ کے اطراف میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری اور مرکبہ کے علاقے میں دہشت  گردوں کا حملہ پسپا کر دیا تھا۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ شام کی حکومت نے روس کے تعاون سے مشرقی ادلب کے ابوظہور پاس کو انسان دوستانہ امداد کی غرض سے کھول دیا ہے۔
یہ کوریڈرو ان لوگوں کے لئے کھولا گیا ہے جو دہشت گردوں کے زیر قبضہ علاقوں سے نکل کر شامی فوج کے کنٹرول والے محفوظ علاقوں کی جانب کوچ کرنا چاہتے ہیں۔
شامی فوج نے دہشت گردوں کی قید سے رہائی پانے والے شہریوں کو محفوظ علاقوں میں منتقل کرنے کے لیے علاقے میں ضروری انتطامات بھی مکمل کر لیے ہیں۔
شامی فوج اس سے پہلے بھی ابوظہور پاس کو کھول چکی ہے جس کا مقصد دہشت گردوں کے زیرقبضہ علاقوں سے عام شہریوں کے انخلا کو محفوظ اور اس میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔

ٹیگس