یمن: الحدیدہ میں سعودی اتحاد کی خلاف ورزی جاری ہے، یمنی فوج کا اعلان
Feb ۱۴, ۲۰۱۹ ۱۹:۳۶ Asia/Tehran
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے بدھ کی رات اعلان کیا ہے کہ سعودی اتحاد کی جانب سے مغربی یمن میں واقع الحدیدہ میں فائر بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا ہے کہ سعودی اتحاد کے فوجیوں نے گذشتہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران الحدیدہ میں فائر بندی کی دو سو ستانوے بار خلاف ورزی کی۔
انھوں نے کہا کہ سعودی اتحاد، کبھی فائر بندی پر قائم نہیں رہا اور اس کی جانب سے جاری یہ خلاف ورزی، یمن میں قیام امن کے لئے عالمی برادری کی کوششوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی دھجیاں اڑائے جانے کے مترادف ہے۔
واضح رہے کہ الحدیدہ میں اٹھارہ دسمبر سے فائر بندی کے آغاز کا اعلان کیا گیا ہے جس پر یمنی فوج اورعوامی رضاکار فورس تو قائم ہے تاہم سعودی اتحاد کی جانب سے اب تک اس پرعمل نہیں کیا گیا ہے۔