Mar ۰۳, ۲۰۱۹ ۱۰:۳۳ Asia/Tehran
  • ایران مخالف امریکی پابندیوں کا فیصلہ غلط تھا: ترکی

ترکی نے کہا ہے کہ ایران مخالف امریکی پابندیوں کا فیصلہ غلط تھا۔

ترکی کے وزیر خارجہ چاوش اوغلو نے ترکی کے صوبے بورسہ Bursa میں برآمدات کے مقاصد پر خارجہ پالیسی کے اثرات کے عنوان سے منعقدہ ایک تقریب میں ایران مخالف امریکی پابندیوں کو غلط فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک ان پابندیوں کو منسوخ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران مخالف امریکی پابندیاں ایک بہت بڑی غلطی تھی اور اس حوالے سے یورپی ممالک اور ترکی کا مشترکہ نقطہ نظر ہے۔

ترکی کے وزیر خارجہ نے ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کی اہمیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران مخالف امریکی پابندیاں، ترکی کی معیشت پر برے اثرات مرتب کرے گی اسی لئے ترکی کی حکومت سنجیدگی سے ان پابندیوں کو منسوخ کرنے کیلئے امریکی حکام کو قائل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کے ممالک، امریکی پابندیوں کی بدولت پیدا ہونے والی رکاوٹوں سے نمٹنے یا ان کو بائی پاس کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال مئی کے مہینے میں غیر قانونی طور پر ایران جوہری معاہدے سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے ایران پر امریکی پابندیاں عائد کرنے کا حکم جاری کیا.

 

ٹیگس