Mar ۱۵, ۲۰۱۹ ۱۱:۰۲ Asia/Tehran
  • جمال خاشقجی قتل کے الزام میں 20 ملزمان کے خلاف ریڈ نوٹس

ترکی نے کہا ہے کہ انٹرپول نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے الزام میں 20 ملزمان کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کردیئے۔

خبررساں ادارے اےا یف پی کے مطابق ترکی کی وزارت انصاف نے بتایا کہ ترک انتظامیہ نے 15 نومبر کو 18 اور 21 دسمبر 2018 کو 2 افراد کے خلاف ریڈ نوٹسز کی درخواست کی تھی۔ وزارت نے ٹوئٹر پر تصدیق کی کہ ’انٹرپول نے یکم مارچ کو ریڈ نوٹس جاری کیے‘۔

علاوہ ازیں ترک انتظامیہ کی جانب سے ریڈ نوٹس یا ملزمان سے متعلق مزید تفصیلات پیش نہیں کی گئی۔

اس سے قبل ترکی نے دعویٰ کیا تھا کہ 15 سعودی افراد پر مشتمل ایک ٹیم نے صحافی جمال خاشقجی کا گلا گھونٹ کر قتل کیا تاہم ان کی باقیات تاحال لاپتہ ہیں۔

دوسری جانب سعودی عرب نے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات کے لیے بین الاقوامی آزاد تحقیقاتی اداروں کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے زور دیا کہ ریاض، ملزمان کے خلاف انصاف کے تمام تقاضے پورے کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔