Mar ۱۸, ۲۰۱۹ ۰۸:۲۲ Asia/Tehran
  • انڈونیشیا میں سیلاب 50 ہلاک 100 لاپتہ

ہزاروں افراد سیلاب میں پھنس گئے جب کہ 100 سے زائد لاپتہ ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے پاپوا میں ہونے والی مسلسل بارشوں نے سیلابی صورت اختیار کرلی، سیلابی ریلوں نے اپنی راہ میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کردیا۔ سیلابی ریلوں نے مختلف گاؤں میں 50 افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کردیئے۔

بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رونما ہوئے، سب سے ہولناک لینڈ سلائیڈنگ جایاپورہ کے علاقے میں ہوئی، جس میں درجنوں گھر ملبے تلے دب گئے۔ 100 سے زائد افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔ مجموعی طور پر 59 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کے خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ لاپتہ افراد کی تلاش کے دوران لاشوں کے ملنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ انڈونیشیا کو 6 ماہ کے دوران دو مرتبہ ہولناک سونامی کا سامنا رہا ہے جب کہ بارشوں اور سیلاب کا سلسلہ بھی وقتاً فوقتاً جاری ہے۔ ان موسمی تغیرات کے باعث انڈونیشیا میں ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ معذور ہونے والے الگ ہیں۔ سیکڑوں شہریوں کو اپنے گھروں، عبادت گاہوں اور کاروبار سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔

 

ٹیگس