Mar ۲۹, ۲۰۱۹ ۱۴:۴۲ Asia/Tehran
  • صیہونیوں کی جارحیت، متعدد فلسطینی زخمی

مقبوضہ فلسطین سے ملے غزہ کے سرحدی علاقوں میں فلسطینیوں کے رات کے مظاہروں پر غاصب صیہونی فوجیوں کی جارحیت میں متعدد فلسطینی زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب غاصب صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نتن یاہو نے غزہ میں محصور فلسطینیوں پر حملے تیز کرنے کی دھمکی ہے۔

غزہ کے مشرقی علاقے اور جبالیا میں فلسطینی مظاہرین پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں گیارہ فلسطینی زخمی ہو گئے۔ غزہ سے ملے سرحدی علاقوں میں بسائے گئے صیہونیوں کی کونسل نے غزہ کی سرحد پر کرم شالوم کے صیہونیوں اور اسی طرح مقبوضہ فلسطین کے صیہونیوں سے کہا ہے کہ وہ اس بار جمعے کو فلسطینیوں کے واپسی مارچ اور یوم الارض کے موقع پر علاقے خالی کردیں۔

فلسطینی عوام یوم الارض کے موقع پر غزہ میں ملین مارچ میں شرکت کی تیاری کر رہے ہیں اس آمادگی میں غزہ کا محاصرہ توڑنے کی بھی تیاری شامل ہے۔

فلسطینی عوام نے گذشتہ سال تیس مارچ کو یوم الارض کے موقع پر جو مظاہرے کئے تھے اس کا سلسلہ ہر جمعے کو جاری رکھا ہے۔ مارچ کے شرکا فلسطینی علاقوں سے صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کا خاتمہ اور غزہ کا محاصرہ ختم کئے جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

حق واپسی مارچ کو صیہونی حکومت کی جانب سے جارحیت کا نشانہ بنائے جانے کے دوران دو ہزار اٹھارہ سے اب تک دو سو ستر سے زائد فلسطینی شہید اور ستائیس  ہزار سے زائد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب غاصب صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو نے ایک بار پھر غزہ کے محصور فلسطینیوں کو وسیع پیمانے پر جارحیت کا نشانہ بنانے کی دھمکی ہے۔

نتن یاہو نے غزہ کی سرحد پر صیہونی فوجی چھاؤنی کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل غزہ کے مختلف علاقوں میں فلسطینی مجاہدین کے خلاف وسیع فوجی کارروائی کے لئے آمادہ ہے۔

نتن یاہو نے یہ دھمکی ایسی حالت میں دی ہے کہ دسمبر دو ہزار سترہ سے غزہ پر فضائی حملوں کو صیہونی حکومت نے اپنے جارحانہ ایجنڈے میں قرار دے رکھا ہے۔ادھر غاصب صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کی دھمکی کے جواب میں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے القسام بریگیڈ نے صیہونی حکومت کے ساتھ جنگ کے لئے اپنی مکمل آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

قسام بریگیڈ کے ایک اعلی عہدیدار نے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں عام انتخابات سے قبل غزہ پر حملے کے لئے صیہونی حکومت کے فیصلے کے بعد القسام بریگیڈ کسی بھی طرح کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے غزہ کی سرحدوں میں بھاری تعداد میں اپنے فوجی تعینات کر دیئے ہیں۔

ٹیگس