May ۲۰, ۲۰۱۹ ۰۹:۱۳ Asia/Tehran
  • فلسطینی بچوں میں تعلیم کے بجائے شہادت کی تڑپ

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں القدس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹرسراج الحق کا کہنا تھا کہ فلسطین کا ساتھ دینا ہمارے ایمان کا حصہ ہے، دنیا کی بہت سی اقوام انسانیت کی خاطر فلسطینی عوام کا ساتھ دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی وہ واحد قوم ہے جو ٹینکوں کے مقابلے میں پتھر سے لڑتی ہے، آج فلسطینی بچے اسکول میں تعلیم حاصل کرنے کے بجائے شہادت کی خواہش رکھتے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ اس وقت بحیرہ عرب میں امریکی بحری بیڑہ موجود ہے اور امریکہ ایران پر حملے کے لئے پر تول رہا ہے، جو مسلم امہ کے لئے نقصان دہ ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ ایران اور سعودی عرب کی ٹینشن سے اسرائیل فائدہ اُٹھاتا ہے، اسرائیل چاہتا ہے کہ وہ مسلم امہ کو آپس میں لڑوا کر دنیا پر اپنا تسلط قائم کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔

 پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسرارعباسی نے القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، فلسطین کاز کیلئے ہر سطح پر آواز اُٹھائے گی، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے زور دیا گیا مگر وزیراعظم عمران خان نے اس کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔

القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ ایران کو روکنے کیلئے مسلم امہ نے اسرائیل کیساتھ تعلقات بحال رکھے ہوئے ہیں۔ محمد زبیر کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم مسئلہ فلسطین کو اٹھائیں گے تو ہم کشمیر کے مسئلے کو بھی عالمی سطح پر بہترطریقے سے اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے فلسطین قبلہ اول کی وجہ سے اہم ہے اور پاکستانی دفتر خارجہ کو چاہیئے کہ فلسطین کے موضوع کو عالمی سطح پر اُٹھائے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر زیدی، سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، ڈاکٹر عالیہ امام، علامہ قاضی احمد نورانی اور صابر ابو مریم نے کہا کہ آج اسرائیل محصور ہے، اسرائیل نے داعش کو بنایا کہ وہ شام کو ختم کرکے اس پر قبضہ کرنا چاہتا تھا مگر اس کی تمام تدبیریں الٹی پڑ گئیں، اسرائیل کا وجود اب ختم ہونے والا ہے، حضرت امام خمینی(رح) نے فرمایا تھا کہ فلسطین کے مسئلے کا واحد حل مقاومت ہے، آج فلسطین اور غزہ کے مظلومین اپنے دفاع کے لئے اسرائیل پر حملہ کرتے ہیں۔

 

ٹیگس