May ۲۹, ۲۰۱۹ ۰۹:۳۱ Asia/Tehran
  • شب قدرمیں لاکھوں فرزندان اسلام سر بسجود

جس شب کے بارے میں اللہ ملائکہ سے کہہ رہا ہے کہ جاو اور فریاد کرو کہ کیا کوئی حاجت مند، مشکلات میں گرفتار، گناہوں میں آلودہ بندہ ہے جسے اس شب کے طفیل بخش دیا جائے۔

شب قدر وہ رات ہے کہ جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے اور فرشتے اس رات میں اللہ کے اذن سے زمین پر نازل ہوتے ہیں اور بندوں کے سارے سال کے مقدورات کو معین کرتے ہیں ۔ اس رات کا ماہ مبارک میں پایا جانا، پیامبراسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی امت پر بہت بڑا اللہ کا انعام اور احسان ہے۔ انسان کے سال بھر کے مقدرات (انسان کی موت و حیات اور رزق وغیرہ) اس کی لیاقت کی بنا پر معین کئے جاتے ہیں۔  اس رات انسان تفکر اور تدبر کے ذریعے اپنے آپ میں تبدیلی لا سکتا ہے، سال بھر کے اپنے اعمال کا وزن کرتا ہے اور مناسب مقدمات فراہم کرکے اپنی سرنوشت کو بہترین صورت میں ڈھال سکتا ہے۔

حضرت امام صادق علیہ السلام فرماتے ہیں، ماہ رمضان کی انیسویں کی رات کو  انسان کی تقدیر، اکیسویں رات کو اس کو محکم کیا جاتا ہے اور تئیسویں کی رات کو اس تقدیر پر دستخط ہوتے ہیں۔

جی ہاں شب قدرکی اسی اہمیت اور بابرکت ہونے کی وجہ سے کل رات اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان اورہندوستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں لاکھوں مرد و خواتین، بچے اور سن رسیدہ افراد نے رات بھراپنے مالک کی بارگاہ میں ہاتھ اٹھا بلند کر کے گڑ گڑا کر اور سجدہ ریز ہو کر اپنے پروردگار کے حضور دعا کی کہ اے پروردگار جہاں تو ہمارے گناہوں کو اس شب کی برکت سے بدل رہا ہے وہیں ہماری تقدیر بھی بدل دے، مالک مسلمانوں کی جو صورتحال ہے تیرے پیش نظر ہے، یہ تیری توحید کی گواہی دینے والے ہیں، یہ تیرے رسول کا کلمہ پڑھتے ہیں لیکن انہیں جگہ جگہ نشانہ بنایا جا رہا ہے، تیرا قبلہ اول صہیونیوں کی قید میں ہے، مالک فلسطین میں ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، پروردگاراس شب قدر میں ہمیں غفلت کی بیماری سے نجات دے، ہمارے اندر وہ درد پیدا کر دے کہ ہم اپنے بھائیوں کے درد کو سمجھ سکیں، جسے درد علی کہا جاتا ہے۔ مالک تجھے تیری رحمت واسعہ کا واسطہ اس شب میں ہمیں خالی ہاتھ نہ پلٹانا کہ تیرے در سے خالی پلٹنے کے بعد کوئی ایسا در نہیں ہے جہاں ہم جا سکیں۔

ٹیگس