Jun ۰۱, ۲۰۱۹ ۱۱:۱۶ Asia/Tehran
  • مزاحمتی بلاک مضبوط اور اسرائیل کمزور ہو گیا : سید حسن نصر اللہ

حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ دشمنوں کی جانب سے عالمی یوم القدس کو ناکام کرنے کی کوششیں شکست سے دوچار ہو گئی ہیں۔

حزب اللہ لبنان کےسیکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے کل رات عالمی یوم قدس کے موقع پر بیروت کے علاقے ضاحیہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رہ) نے مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھنے کے لئے عالمی یوم القدس کا اعلان کیا اور اس دن سے لیکر آج تک مسئلہ فلسطین کے بارے میں امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور یکجہتی میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ مزاحمتی بلاک پہلے کی نسبت اب بہت زیادہ مضبوط ہوا ہے اور اس کے مقابلے میں اسرائیل پہلے سے کہیں زیادہ کمزور ہو گیا ہے۔ اور اسی وجہ سے اسے امریکہ اور اس کے بحری بیڑے کی ضرورت پڑ گئی ہے۔

حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران علاقے میں ایک بڑی طاقت اور استقامت و مزاحمت کا محور ہے جو عراق،شام اور لبنان و فلسطین کی استقامتی تحریکوں کی حمایت کر رہا ہے اور اس کا موقف واضح اور ٹھوس ہے۔ اور اسی وجہ سے وہ  ایران پر پابندیاں عائد کرنے کے درپے ہیں تا کہ اس طرح مزاحمتی تحریکوں کو شکست دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے دفاع کیلئے ہتھیار رکھنا ہمارا حق ہے اور اس سلسلے میں امریکہ کے ساتھ گفتگو نا قابل قبول ہے۔

سید حسن نصر اللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نہیں چاہتے کہ ایران اور خلیج فارس کے ممالک کے مابین اچھے تعلقات بر قرار ہوں اس لئے وہ خلیج فارس کی حکومتوں کو ایران سے ڈرا رہا ہے اور اس کیلئے اس نے ایران اور دیگر ممالک کے خلاف اقتصادی جنگ کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔

ٹیگس