Jun ۰۱, ۲۰۱۹ ۱۲:۵۷ Asia/Tehran
  • دنیا بھر میں عالمی یوم قدس کی ریلیاں

فلسطینیوں کی حمایت اور امریکا کی سینچری ڈیل کی مخالفت میں دنیا کے 30 سے زائد ملکوں میں عالمی یوم قدس کی ریلیاں نکالی گئیں اور امریکہ و اسرائیل کے پرچم نذرآتش کئے گئے۔

دنیا کے مختلف ملکوں من جملہ اسلامی جمہوریہ ایران، انڈونیشیا، ملائیشیا، عراق، ہندوستان، پاکستان، لبنان،یمن، امریکی ریاستوں، یورپی ملکوں آسٹریلیا اور افریقی ملکوں میں سیاسی و مذہبی جماعتوں اور سماجی تنظیموں نیز سول سوسائٹی کی اپیل پر اسرائیل مخالف اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کئے گئے اورالقدس ریلیاں نکالی گئیں۔

ہزاروں فلسطینیوں نے بھی جمعہ الوداع کو دنیا کی دیگر اقوام کے ساتھ ساتھ عالمی یوم قدس منایا اور انہوں نے مسجد الاقصی کی جانب مارچ کیا جہاں صیہونی فوجیوں نے انتہائی سخت سیکورٹی بندشیں کر رکھی تھیں-

ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی، لکھنو اور دیگر صوبوں اور شہروں کی طرح اس ملک کے زیرانتظام کشمیر کے سرینگر، بڈگام، بارھمولہ میں یوم القدس کی مناسبت سے ریلیاں نکالی گئیں۔

ریلیوں میں شریک روزہ داروں نے اسرائیل کی غاصب اور جعلی حکومت کو صفحہ ہستی سے محو کرنے اور بیت المقدس کو آزاد کرانے کے حق میں نعرے لگائے اس موقع پرکشمیرکی فضائیں فلسطین زندہ باد اوراسرائیل و امریکہ مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

ادھر پاکستان کے تمام صوبوں اور کئی چھوٹے بڑے شہروں اور اسی طرح اس ملک کے زیر انتظام کشمیرمیں مجلس وحدت مسلمین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، شیعہ علماء کونسل، ملی یکجہتی کونسل اور دیگر سیاسی و مذھبی جماعتوں کی جانب سے قبلہ اوّل بیت المقدس اور ارض مقدس فلسطین کی صیہونی قبضہ سے آزادی اور امریکی ایما پر مسلط کی جانیوالی صدی ڈیل کیخلاف جمعتہ الوادع کو یوم القدس کے طور پہ منایا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں۔

القدس ریلیوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ و سنی علماء اور اسکالروں نے کہا کہ مسلم ممالک کے خلاف اتحاد بنانے کی بجائے مسلم حکمرانوں کو صیہونی مظالم کے خلاف اور قبلہ اول کی آزادی کے لئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ استعماری قوتیں زندگی کے ہر میدان میں عالم اسلام کو پسپا کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ فلسطین کے مکینوں کو ان کی املاک سے بےدخل کرکے مہاجر بنایا جا رہا ہے جبکہ باہر سے آکر آباد ہونے والے یہودی اس مسلم ریاست پر قابض ہوگئے ہیں۔ اس مسلم ریاست کو یہودی تسلط سے چھڑانا امت مسلمہ کا اولین فریضہ ہے۔

انہوں نے صیہونی مظالم پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بیت المقدس کی آزادی کے لئے امت مسلمہ کی مشترکہ جدوجہد کا مطالبہ کیا۔

القدس ریلیوں کے اختتام پر امریکہ اور اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے گئے۔

ٹیگس