Jun ۱۹, ۲۰۱۹ ۱۶:۰۳ Asia/Tehran
  • افغانستان میں قیام امن کے لئے ایران اور افغانستان کے تعاون پر تاکید

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری اور افغانستان کے قومی سلامتی کے امور کے مشیر نے افغانستان میں دہشت گردانہ حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے باہمی تعاون اور قومی آشتی کے عمل میں مدد دینے پر زور دیا ہے۔

ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی اور افغانستان کے قومی سلامتی کے امور کے مشیر حمد اللہ محب نے روس کے شہر یوفا میں سیکورٹی سے متعلق دسویں بین الاقوامی اجلاس کے موقع پر اپنی ملاقات میں افغانستان میں دہشت گردانہ حملوں کا مقابلہ کرنے اور قومی آشتی کے عمل میں مدد دینے کی غرض سے افغانستان اور ہمسایہ ملکوں کے درمیان صلاح و مشورے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایران اور افغانستان کے سیکورٹی کے امور کے سربراہوں نے افغانستان کی حکومت کی ہم آہنگی سے افغان حکومت کے مخالف گروہوں کے ساتھ علاقے کے بااثر ملکوں کے مذاکرات اور اسی طرح افغانستان کے مختلف علاقوں میں افغان فوج کی تقویت پر بھی تاکید کی۔ روس کے شہر یوفا میں سیکورٹی سے متعلق دسواں بین الاقوامی اجلاس منگل کو شروع ہوا ہے اس اجلاس میں دنیا کے سبھی براعظموں کے مختلف ممالک کے سیکورٹی کے امور کے سربراہان اور اعلی عہدیدار شریک ہیں۔

ٹیگس