Jul ۰۴, ۲۰۱۹ ۱۵:۱۹ Asia/Tehran
  • سوڈان میں فوجی کونسل اور سیاسی مخالفین کے درمیان مذاکرات کا آغاز

سوڈان کی عبوری فوجی کونسل اور سیاسی مخالفین کے مابین مذاکرات شروع ہو گئے۔

سوڈان کی عبوری فوجی کونسل اور سیاسی مخالفین کے گروہوں کے نمائندوں نے جمعرات کو خرطوم میں امن مذاکرات، ایک ایسے وقت شروع کئے ہیں جب مذاکرات کا ایجنڈا پہلے سے تیار کر لیا گیا تھا- سوڈان کے سب سے بڑے مخالف سیاسی اتحاد فریڈم اینڈ چینج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فریقین نے اس بات کو تسلیم کر لیا ہے کہ مذاکرات ایتھوپیا کی نگرانی میں ہوں گے-

ایتھوپیا اور افریقی یونین، سوڈان کے بحران میں ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس درمیان عرب لیگ کا بھی ایک وفد سوڈان میں امن سمجھوتے کی راہ میں مدد دینے کے لئے خرطوم پہنچ گیا ہے- افریقی یونین اور ایتھوپیا کے دو نمائندوں نے اس سے پہلے کہا تھا کہ ایک ایسے شخص کی قیادت میں حکومتی کونسل تشکیل دی جائے جس کو سیاسی مخالفین کا اتحاد نامزد کرے اور نتیجے میں ملک میں ایک عوامی حکومت کی تشکیل کا راستہ ہموار کیا جائے-

سوڈان میں عبوری فوجی کونسل نے گذشتہ گیارہ اپریل کو صدر عمر البشیر کے خلاف بغاوت کر کے اقتدار اپنے ہاتھ میں لے لیا تھا لیکن سوڈان کے عوام ملک میں ایک سویلین حکومت کا مطالبہ کر رہے ہیں-

ٹیگس