Jul ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۷:۴۹ Asia/Tehran
  • یمن کے بعض علاقوں سے امارات کے فوجیوں کا انخلا

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے رکن نے یمن کے بعض علاقوں سے متحدہ عرب امارات کے فوجیوں کے انخلا کی تصدیق کردی ہے۔

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے رکن محمدالبخیتی نے جمعے کو العالم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے یمن کے بعض علاقوں سے اپنے فوجیوں کو واپس بلالیا ہے لیکن ابھی تک کسی بھی سرکاری سطح پر امارات کے اس اقدام کی کوئی واضح رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔ انصاراللہ کے رہنما نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یمن کی فضائیہ اور اس کا میزائل یونٹ متحدہ عرب امارات کے ہر طرح کے حملے کا جواب دینے کے لئے تیار ہے کہا کہ یمن کی استقامتی تحریک کا مطالبہ ہے کہ سبھی غیر ملکی فوجیں جلد سے جلد یمن سے نکل جائیں اور جو بھی غیر ملکی فوجی یمن میں موجود رہے گا اسے جارح اور غاصب سمجھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یمن اور دیگر ملکوں کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کا تحفظ اور احترام ضروری ہے اور علاقے میں امن و سلامتی اور خوشحالی خطے کے عوام کی ضرورت ہے۔ اس سے پہلے لبنان کے روزنامہ الاخبار نے خبردی دی تھی کہ یمن کے جنوبی اور مشرقی صوبوں سے متحدہ عرب امارات نے اپنے فوجیوں کو واپس بلالیا ہے یا پھر ان کی تعداد کم کردی ہے۔

ٹیگس