Aug ۱۵, ۲۰۱۹ ۲۰:۰۰ Asia/Tehran
  • داعشی عناصر کو عراق منتقل کرنے کے بارے میں پیرس اور اقوام متحدہ میں لفظی جنگ

فرانس کی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی اس رپورٹ کو مسترد کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پیرس نےگرفتار کئے گئے فرانسیسی داعشی دہشت گردوں کو غیر قانونی طریقے سے عراق منتقل کیا ہے۔

فرانسیسی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے داعش کے عناصر کو شام سے عراق منتقل کرنے میں فرانس کے کردار کے بارے میں اقوام متحدہ کی رپورٹ کو مسترد کردیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی رپورٹرکےالزامات فرانسیسی حکام سے بات چیت کئے بغیر عائد کئے گئے ہیں اس لئے ان الزامات کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر اگنیس کالامارڈ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ان کے پاس ایسی اطلاعات ہیں کہ جن سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش کے سات عناصر پیرس کی مرضی اور حتی اس کی کوشش سے مقدمات کا سامنا کرنے کے لئے عراق منتقل کئے گئے ہیں۔ فرانسیسی وزارت خارجہ نے ان فرانسیسی دہشت گردوں کے بارے میں کہا کہ پیرس عراقی حکومت کی عملداری منجملہ عراقی عدلیہ کا احترام کرتاہے اور ان افراد پر عراقی عدالتوں میں ہی جہاں ان لوگوں نے جرائم کا ارتکاب کیا ہے مقدمہ چلنا چاہئے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹر نے پیرس کے اس بیان کو افسوسناک اور حیرت انگیز قراردیتے ہوئے ٹویٹ کیا ہے کہ فرانسیسی وزارت خارجہ نے میرے طریقہ کار پر حملہ کیا ہے لیکن پروٹوکول سے ہٹ کر میں نے کوئی کام انجام نہیں دیا ہے۔