Aug ۲۸, ۲۰۱۹ ۱۶:۱۷ Asia/Tehran
  • غزہ پر اسرائیلی حملہ، تین فلسطینی شہید

غزہ پر اسرئیل کی تازہ جارحیت میں تین فلسطینی شہید ہوگئے۔ دوسری جانب حماس نے خبردار کیا ہے کہ مزاحمتی قوتیں اسرائیل کی ہر جارحیت اور مہم جوئی کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ بدھ کی صبح صیہونی فوجیوں نے غزہ پر حملہ کیا ہے جس میں تین فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

فلسطینی ذرائع نے بدھ کی صبح غزہ میں تین دھماکوں کی خـبر دی تھی۔ اس رپورٹ کے مطابق پہلا دھماکہ مغربی غزہ کے علاقے میں ایک موٹر سائیکل پر اسرائیل کے حملے کے بعد ہوا جس میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔دوسرا دھماکہ بھی غزہ کے مغربی علاقے میں ہوا جس میں متعدد فلسطینی پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

تیسرا دھماکہ جنوبی غزہ کے علاقے الزھرا میں ہوا ہے اور اس دھماکے میں بھی کئی پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی خـبر ہے۔ان دھماکوں کی نوعیت اور وجوہات کے بارے میں مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔مقامی فلسطینی عہدیداروں کا کہنا ہے حالات پر قابو پانے کے لیے سیکورٹی اداروں کو پوری طرح سے چوکس کردیا گیا ہے۔

پیرکے روز بھی صیہونی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے شمالی غزہ پر حملہ کیا تھا اور بیت لاہیہ میں تحریک مزاحمت کے ایک مرکز پر چار راکٹ برسائے تھے۔

اسرائیل کے لڑاکا طیارے ، ہیلی کاپٹر اور توپ خانہ پچھلے چندر روز کے دوران بارہا غزہ پٹی کو وحشیانہ جارحیت اور حملوں کا نشانہ بنا چکا ہے۔

دوسری جانب اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سینیئر رکن مشیر المصری نے کہا ہے کہ مزاحمی قوتیں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت اور مہم جوئی کی جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل نے کوئی حماقت کی تو اس کا منہ توڑجواب دیا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ غاصب صیہونی حکومت کی نابودی ایک قومی اور مذہبی ضرورت اور فریضہ ہے اور جس کےذریعے علاقے میں امن و استحکام کو یقنی بنایا جاسکتا ہے۔

مشیر المصری نے مزید کہا کہ حماس ہر حالت میں اپنے وطن کو اسرائیل کے قبضے سے آزاد کرانے کا عزم رکھتی ہے اور اس مقصد کے لیے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گی۔

ٹیگس