Aug ۳۰, ۲۰۱۹ ۱۵:۴۳ Asia/Tehran
  • داعش کا

عراق کی عوامی رضاکار فورس نے مغربی صوبے الانبار میں داعش کے ایک اہم سرغنہ کو ہلاک کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ الانبار کے جنوبی علاقے درہ حوران میں انجام پانے والی اس کاروائی میں والی بغداد کے نام سے معروف داعش کا ایک اہم سرغنہ اپنے چھے ساتھیوں کے ساتھ واصل جنہم ہوگیا۔
داعش کی نام نہاد خلافت کے خاتمے کے باوجود اس گروہ کے باقی بچے دہشت گرد عراق کے مختلف علاقوں میں روپوش ہیں اور بعض اوقات عراقی عوام اور سیکورٹی فورس پر حملے کرتے رہتے ہیں۔
 
دہشت گرد گروہ داعش نے امریکہ اور اس کے عرب اور مغربی اتحادیوں کے مالی اور عسکری تعاون سے سن دوہزار چودہ میں شمالی اور مغربی عراق کے وسیع علاقے پر قبضہ کرلیا تھا۔ داعش نے اپنے زیر قبضہ علاقوں میں بے شمار گھناؤنے اور انسانیت سوز جرئم کا ارتکاب بھی کیا جس کے بعد عراق کی حکومت نے اسلامی جمہوریہ ایران سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مدد کی باضابطہ درخواست کی تھی۔
عراق کی مسلح افواج اور سیکورٹی اداروں نے ایران کی فوجی مشاورت کے ذریعے نومبر دوہزار سترہ میں صوبہ الانبار کے شہر راوہ کو آزاد کرانے کے بعد داعش کی نام نہاد خلافت کا خاتمہ کردیا تھا۔

ٹیگس