Sep ۰۷, ۲۰۱۹ ۱۵:۱۱ Asia/Tehran
  • یمنی فوج اور رضاکار فورسز کی کارروائیوں میں دسیوں سعودی ایجنٹ ہلاک

یمنی فوج کی جوابی کارروائیوں میں دسیوں سعودی ایجنٹ ہلاک ہوگئے ہیں۔دوسری طرف تحریک انصاراللہ کے سیاسی شعبے کے رکن عبدالوھاب المحبشی نے تاکید کی ہے کہ امریکہ جنوبی یمن کو داعش اور القاعدہ کے دہشتگردوں کا اڈہ بنانا چاہتا ہے۔

المسیرہ ٹی وی نے جنوبی سعودی عرب کے صوبہ عسیر میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی کارروائیوں میں دسیوں مسلح سعودی ایجنٹوں کے مارے جانے کی خبر دی ہے۔ یہ جارح سعودی ایجنٹ صوبہ عسیر کے مجاورہ علاقے میں گھات لگا کر انجام دی جانے والی ایک کارروائی میں ہلاک ہوئے ہیں۔ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جنوبی سعودی عرب کے جیزان میں الطوال علاقے کے مضافات میں سعودی اتحاد کا حملہ پسپا اور ان کی پیشقدمی روک دی ہے۔ دوسری جانب یمن کی تحریک انصاراللہ نے کہا ہے کہ امریکہ جنوبی یمن کو داعش اور القاعدہ دہشتگردوں کا اڈہ بنانا چاہتا ہے۔المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصار اللہ کے سیاسی شعبے کے رکن عبدالوہاب المحبشی نے اس ٹی وی چینل کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی یمن کی صورت حال سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ہاتھ سے نکل چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی یمن پر اب پوری طرح امریکہ اور برطانیہ کا کنٹرول ہے اور سعودی عرب اور امارات اب صرف واشنگٹن اور لندن کے احکامات پر عمل کر رہے ہیں۔ تحریک انصاراللہ کے سیاسی شعبے کے رکن عبدالوہاب المحبشی نے مزید کہا کہ امریکہ جنوبی یمن کے ایک علاقے میں داعش اور القاعدہ کو لانے کی کوشش کررہا ہے تاکہ جنوبی یمن میں اپنا براہ راست اثر و رسوخ بڑھانے کا جواز پیدا کر سکے۔ عبدالوہاب المحبشی نے یاد دہانی کرائی کہ امریکہ ، عراق اور شام سے داعش دہشتگردوں کی باقیات، جنوبی یمن میں پہنچانا چاہتا ہے تاکہ خود کو جنوبی یمن سےداعش دہشتگردوں کو نکالنے اور اس علاقے کو داعش کے وجود سے پاک کرنے والے کے طور پر پیش کرسکے اور اس بہانے سے جنوبی یمن پر خود قبضہ کر لے۔ ان دنوں جنوبی یمن ایک جارح کے بعد دوسرے جارح کے قبضے میں جا رہا ہے اور اس کے بعض شہروں پر کھبی سعودی عرب کے کرائے کے ایجنٹوں کا تو کبھی امارات کے حمایت یافتہ مسلح جنگجووں کا قبضہ ہوجاتا ہے اور اس طرح سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا فوجی اتحاد یمن پر جارحیت کے لئے اپنی طاقت کا مظاہرہ کر رہا ہے اور پراکسی وار چھیڑے ہوئے ہے جس کی قیمت یمن کے غریب اور مظلوم عوام کو چکانا پڑ رہی ہے۔

ٹیگس