Sep ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۰:۲۴ Asia/Tehran
  •  حضرت امام زین العابدین (ع) کی شہادت

فرزند رسولۖ حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے ایران کے مختلف شہروں میں عزاداری و نوحہ خوانی اور سینہ زنی کا سلسلہ جاری ہے۔

ایک روایت کے مطابق بارہ محرم الحرام فرزند رسول حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی شہادت کی تاریخ ہے۔

پیغام کربلا کے ناشر اور مبلغ، حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد اور امام بارگاہوں میں مجالس عزا برپا ہیں اور ذاکرین اہلبیت عصمت و طہارت سید الساجدین کے فضائل و مناقب بیان اور دین اسلام کی حفاظت میں ان کے عظیم الشان کارناموں کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

امام زین العابدین کے یوم شہادت کی مناسبت سے مشہد مقدس میں لاکھوں کی تعداد میں زائرین اور سوگوار موجود ہیں جو بیمار کربلا کی مصیبتوں پر اشک عزا بہا رہے ہیں۔

 مشہد مقدس سے ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ ایران کے مختلف شہروں سے مشہد پہنچنے والی ماتمی انجمنیں منظم شکل میں نوحہ وماتم کرتی ہوئی حرم  پہنچ کر امام رضاعلیہ السلام کو ان کے جد کا پرسہ دے رہی ہیں۔

قم المقدسہ میں بھی سوگواروں اور زائرین کی بہت بڑی تعداد امام سجاد علیہ السلام کے یوم شہادت پر نوحہ و ماتم کرکے بی بی فاطمہ معصومہ قم سلام اللہ علیھا کے حضور اشکوں کا نذرانہ پیش کرکے انہیں پرسہ دے رہی ہے-

کربلائے معلی نجف اشرف اور کاظمین و سامرا میں بھی غم کی اس تاریخ کی مناسبت سے بڑی بڑی مجالس عزا اور نوحہ و ماتم کا سلسلہ جاری ہے۔

سحرعالمی نیٹ ورک غم و اندوہ کے اس موقع پر اپنے تمام سامعین، ناظرین اور چاہنے والوں کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔

ٹیگس