Sep ۲۱, ۲۰۱۹ ۱۶:۱۳ Asia/Tehran
  • بعض ملکوں کے نزدیک  تیل کی اہمیت خون سے زیادہ ہے، سید حسن نصراللہ

حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے سعودی عرب کی آئیل کمپنی آرامکو کی تنصیبات پر یمنی فوج کے جوابی حملوں کی مذمت میں بعض ملکوں اور اداروں کے موقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان جوابی حملوں کی بعض ملکوں کے ذریعے مذمت کئے جانے سے یہ ثابت ہوگیا کہ ان کے نزدیک تیل کی قیمت خون سے زیادہ ہے

حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے حزب اللہ کی گورننگ کونسل کے بانی رکن شیخ حسین کورانی کی برسی کے پروگرام سے خطاب کے دوران کہا کہ حزب اللہ کا قیام ان علما اساتذہ اور مجاہدوں کی کوششوں نتیجہ ہے جن میں سے ایک حسین کورانی بھی تھے ۔

سید حسن نصراللہ نے کہا کہ لبنان کی اسلامی استقامتی تحریک موجودہ اصول اور اسرائیل کے ہر طرح کے خطرات کا مقابلہ کرنے کی پابند ہے - ان کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے عام انتخابات میں کامیاب ہونے کے لئے جو کچھ کرسکتے تھے کیا، لیکن امریکا کی حمایت کے باوجود وہ شکست کھا گئے -

سید حسن نصراللہ نے کہا کہ صیہونی حکومت کے عام انتخابات کے نتائج حزب اللہ لبنان کے لئے کوئی اہمیت نہیں رکھتے کیونکہ صیہونیوں کی سبھی سیاسی پارٹیوں اور سیاسی الائنس کی پالیسی فلسطین اور عربوں سے دشمنی پر ہی استوار ہے -

حزب اللہ کے سکریٹری جنرل نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اندازوں اور ایران سے جنگ کرنے کے بارے میں اپنی سوچ پر نظرثانی کرو کیونکہ ایران سے جنگ تمہیں نابود کردے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جب تمہاری آئیل تنصیبات پر صرف ایک حملے کے اس طرح کے نتائج برآمد ہوئے ہیں تو پھر دیگر حملوں کے نتائج اور اثرات کو تم کیسے تحمل کرسکو گے - انہوں نےکہا کہ ہم یمن کے بچوں خواتین، بیماروں اور یمنی عوام کی لاشوں اور ان کے بہائے جانے والے خون سے اور اسی طرح ان یمنی شہریوں سے جو فقر و فاقے کے عالم میں زندگی بسر کررہے ہیں یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔

سید حسن نصراللہ نے کہا کہ آرامکو آئیل کمپنی کی تنصیبات پر جو حملہ کیا گیا اور اس کے بعد جو ردعمل آیا اس سے ثابت ہوگیا کہ بعض ملکوں کے لئے انسانوں کا خون اور ان کی عزت و شرف کی کوئی اہمیت نہیں ہے - انہوں نے یمنی فوج کے جوابی حملے کی بعض ملکوں کی جانب سے مذمت کئے جانے کے اقدام پر تنقید کرتےہوئے کہا کیوں اس طرح کی مذمت اس وقت نہیں کی جاتی جب سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک اپنے وحشیانہ حملوں میں یمنی عوام کو جن میں خواتین و بچے سبھی شامل ہیں خاک و خون میں غلطاں کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس سے یہ ثابت ہوگیا کہ ایسے لوگوں کے نزدیک تیل کی قدر و قیمت خون سے زیادہ ہے جبکہ یمنی فوج کے اس حملے میں کوئی بھی ایک شخص ہلاک نہیں ہوا یہ تنصیبات تو لوہے کی تھیں جن کو نشانہ بنایا گیا لیکن اس کے باوجود ایسا لگتا ہے جیسے قیامت آگئی ہو -

حزب اللہ کے سربراہ نے کہا دوسری جانب گذشتہ ساڑھے چار برسوں سے جارح سعودی اتحاد جن میں متحدہ امارات اور امریکا بھی شامل ہیں روزانہ یمن پر بم برسارہا ہے اور یمنی خواتین و بچوں کا قتل عام کررہا ہے ۔

ٹیگس