Sep ۳۰, ۲۰۱۹ ۱۸:۲۸ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ نے قیدیوں کی رہائی کا خیرمقدم کیا

یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارتین گریفیتس نے یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جانب سے سعودی اتحاد کے کچھ قیدیوں کو رہا کئے جانے کا خیرمقدم کیا ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مارتین گریفیتس نے پیر کو ایک بیان میں یمن کی فوج اور تحریک انصاراللہ کی جانب سے سعودی اتحاد کے تین سو پچاس قیدیوں کو آزاد کرنے کے فیصلے کی قدردانی کی۔

گریفیتس نے اس بیان میں اسٹاکھوم سمجھوتے کے تناظر میں مزید قدم اٹھانے کی اپیل کی اور متصادم گروہوں سے جنگی قیدیوں کی آزادی، ان کی منتقلی اور واپسی کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کا مطالبہ کیا۔

تحریک انصار اللہ کی قیدیوں سے متعلق کمیٹی کے سربراہ عبدالقادر مرتضی نے پیر کو تین سعودی فوجیوں سمیت سعودی اتحاد کے تین سو پچاس قیدیوں کو آزاد کرنے کی خبر دی تھی اور سعودی اتحاد سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بھی اسی جیسے اقدام کے ذریعے اپنی نیک نیتی ثابت کرے۔

سعودی اتحاد کے قیدیوں کی رہائی ایسے عالم میں انجام پا رہی ہے کہ سعودی عرب پہلی ستمبر سے اس مقام پر بمباری کر رہا ہے جہاں ان قیدیوں کو رکھا گیا ہے ۔ سعودی بمباری میں دسیوں سعودی قیدی ہلاک ہوچکے ہیں۔

ٹیگس