Oct ۰۴, ۲۰۱۹ ۱۸:۴۰ Asia/Tehran
  • طالبان وفد کا دورہ اسلام آباد، افغان حکومت کی پاکستان پر تنقید

افغانستان کی حکومت نے طالبان وفد کی میزبانی کرنے پر حکومت پاکستان پر تنقید کی ہے

افغانستان کے صدر اشرف غنی کے ترجمان صدیق صدیقی نے طالبان وفد سے پاکستان کے اعلی حکام کی ملاقاتوں پر جو اسلام آباد میں انجام پائی ہے تنقید کی ہے  - افغان صدر کے ترجمان نے کہا کہ ایک ایسے گروہ سے جو ابھی بھی افغانستان میں جنگ و خونریزی میں  لگا ہواہے  مذاکرات کرنا ملکوں کے درمیان روابط کے تمام اصولوں کے منافی ہے - انہوں نے کہا کہ طالبان گروہ کے وفد سے پاکستان کے اعلی حکام کی ملاقات سے افغانستان میں قیام امن میں مدد نہیں ملے گی - افغان حکومت کے ترجمان نے کہا کہ اس طرح کی ملاقاتوں کا اس وقت تک کوئی فائدہ نہیں ہوگا جب تک  یہ ملاقاتیں اور مذاکرات افغان حکومت کی سرپرستی یا شرکت سے نہیں ہوں گے - افغان صدر کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو چاہئے کہ وہ دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کو ختم  اور علاقے میں امن کے قیام کے تعلق سے مثبت کردار ادا کرے - افغان طالبان کے وفد نے جمعرات کو اسلام آباد میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور افغانستان کے امور میں امریکا کے خصوصی ایلچی زلمی خلیل زاد سے الگ الگ ملاقات کی تھی - یہ مذاکرات ایک ایسے وقت ہوئے ہیں جب امریکی صدر ٹرمپ نے قطر میں طالبان کے ساتھ امریکا کے نو دور کے مذاکرات کے بعد مذاکراتی عمل روک دیا تھا - امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا اب تک کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے

ٹیگس