Oct ۰۵, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۵ Asia/Tehran
  • اسلام آباد میں طالبان وفد اور امریکی نمائندہ خصوصی میں ملاقات

پاکستان میں طالبان اور امریکہ کے مابین مذاکرات سے متعلق متضاد خبریں گردش کر رہی ہیں۔

پاکستانی میڈیا نے برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے حوالے سے 2 مختلف ذرائع سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر رپورٹ میں کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں موجود طالبان کے وفد اور امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے مابین ملاقات ہوئی۔

ڈان اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مذاکرات منسوخ کیے جانے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب دونوں فریقین کی ملاقات سے متعلق خبریں گردش میں ہیں۔

رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دے کر دعویٰ کیا گیا کہ اسلام آباد میں دونوں فریقین کے مابین ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں باضابطہ طور پر مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے طالبان کی زلمے خلیل زاد کے ساتھ ملاقات کی تصدیق یا تردید کرنے کے بجائے موقف اختیار کیا کہ وفد جمعے کے روز بھی ملاقاتوں کے سلسلے میں اسلام آباد میں موجود تھا۔ جبکہ اسلام آباد میں موجود امریکی سفارت خانے اور واشنگٹن میں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اس بارے میں تبصرہ کرنے سے گریز کیا کہ آیا دونوں فریقین کے درمیان ملاقات ہوئی یا نہیں۔

ان مذاکرات کا مقصد جنگ زدہ افغانستان سے امریکی افواج کو پتلی گلی سے بھاگنے کیلئے محفوظ راستہ دینا ہے۔

واضح رہے کہ کابل میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں ایک امریکی دہشتگرد فوجی سمیت 12 افراد کی ہلاکت پر امریکی صدرٹرمپ نے مذاکرات منسوخ کردیے تھے جس کے بعد پاکستان ان مذاکرات کی بحالی کی سرتوڑ کوشش کررہا ہے۔

ٹیگس