Oct ۱۱, ۲۰۱۹ ۱۰:۱۳ Asia/Tehran
  • عراق کے 5 وزراء برطرف

عراق کے وزیر اعظم نے اپنی کابینہ کے 5 وزیروں کو برطرف کر کے 5 نئے وزراء کے نام دیئے ہیں۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیر اعظم عادل عبدالمہدی نے عراقی مظاہرین کے مطالبات کے جواب میں وزیر صحت، وزیر تعلیم، وزیر ارتباطات، وزیر مہاجرین اور وزیر صنعت کو ان کے عہدوں سے برطرف کر کے 5 نئے وزراء کے نام پیش کئے۔

اس سے قبل عراقی وزیراعظم عادل عبدالمہدی کے دفتر نے بدھ کی شام ایک بیان میں اعلان کیا تھا کہ جمعرات سے عراق میں تین روز کا عام سوگ منایا جائے گا۔

عراق میں گذشتہ دنوں ہونے والے مظاہروں کے دوران کم سے کم ایک سو چار افراد جاں بحق اور چھے ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے تھے ۔

مرنے والوں میں آٹھ افراد کا تعلق سیکورٹی فورسز سے تھا۔عراقی حکومت نے مظاہرین کو نشانہ بنانے والوں کے بارے میں تحقیقات شروع کردی ہیں۔ عراق کی وزارت داخلہ کے ترجمان سعد معن موسوی کے اعلان کے مطابق عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے تخریبی کارروائیوں میں ملوث بعض افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔

عراق میں احتجاجی مظاہروں کی لہر کو روکنے کے لئے عراقی وزیراعظم نے اتوار کو مظاہرین کے مطالبات پر غورکرنے اورجائز مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد مظاہروں کا سلسلہ بند ہوگیا ہے۔

دارالحکومت بغداد سمیت عراق کے بعض صوبوں میں گذشتہ دنوں عام سروسز کی خراب صورت حال ، بے روزگاری اور دفتری بدعنوانی کے خلاف مظاہرے ہوئے تھے جس میں اغیار بالخصوص امریکا کا ہاتھ بتایا جاتا ہے ۔

ٹیگس