Oct ۲۷, ۲۰۱۹ ۱۰:۲۰ Asia/Tehran
  • شام کے بحران کا عسکری طریقے سے حل ممکن نہیں

کویت اور مصر کے وزرائے خارجہ نے کہا ہے کہ شام کے بحران کا حل فوجی طریقےسے ممکن نہیں ہے۔

اسپوٹنک کی رپورٹ کے مطابق کویت کے وزیر خارجہ صباح الخالد الصباح نے باکو میں ناوابستہ تحریک کے رکن ممالک کے اجلاس کے موقع پر کہا کہ فوجی اور عسکری طریقے سے شام کے بحران کا حل ممکن نہیں ہے اور کویت شام کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔ کویت کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم شام کےبنیادی آئین کی تدوین کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی تشکیل شدہ کمیٹی کی حمایت کرتے ہیں۔ اس کمیٹی میں شامی حکومت اور اپوزیشن پارٹی اور دیگر گروہوں کے 150 افراد شامل ہیں۔

ادھرمصر کے وزیر خارجہ سامح شکری نے شام پر ترکی کی لشکر کشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام پر ترکی کی فوجی لشکر کشی بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور ناوابستہ تحریک کے اصولوں کے منافی ہے۔

مصری وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی کو فوری طور پر اپنی فوج کو شام کی سرزمین سے خارج کرلینا چاہیے اور سکیورٹی کونسل کی قرارداد 2254 کی روشنی میں شام کے بحران کو سیاسی بنیادوں پر حل کرنا چاہیے۔

ٹیگس