Nov ۱۴, ۲۰۱۹ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran
  • افغانستان میں صدارتی انتخابات کے نتائج پھر ملتوی

افغانستان میں صدارتی انتخاب کے ابتدائی نتائج دوسری بار ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق افغانستان کے آزادی الیکشن کمیشن (آئی ای سی) کے حکام نے مختلف تکنیکی مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انتخاب کے ابتدائی نتائج کا اعلان 19 اکتوبر کو کیا جانا تھا، جنہیں بعد ازاں 14 نومبر تک موخر کردیا گیا تھاتاہم اب اس تاریخ کو بھی آگے بڑھا دیا گیا ہے۔

افغان الیکشن کمیشن کے ترجمان عبدالعزیزابراہیمی کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے تکنیکی مسائل اور دیگر معاملات کی وجہ سے ہم فی الحال انتخابی نتائج کا اعلان نہیں کر پائیں گےتاہم انہوں نے نتائج کے اعلان کی نئی تاریخ  بھی نہیں بتائی۔

الیکشن کمیشن حکام کی جانب سے آج جمعرات کو معاملے کو لے کر پریس کانفرنس کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

انتخابات کے ابتدائی نتائج ایک بار پھر ملتوی کیے جانے کا حالیہ اعلان الیکشن کمیشن کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں اس کا کہنا تھا کہ اسے چند امیدواروں کی جانب سے فراڈ کا دعویٰ کرتے ہوئے نتائج کے بائیکاٹ اور احتجاج کے اعلان کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور آڈٹ روکنا پڑا تھا۔

واضح رہے کہ 28 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں صدر اشرف غنی اور ان کے حریف عبداللہ عبداللہ کے درمیان کاٹنے کا مقابلہ ہوا۔ تاہم نتائج کے ایک بار پھر ملتوی ہونے کے بعد سیاسی غیر یقینی کی صورتحال مزید بگڑنے اور انتخابات پر مزید الزامات  لگائے جانےکا امکان ہے۔

ٹیگس