Nov ۲۴, ۲۰۱۹ ۱۵:۰۱ Asia/Tehran
  • اسرائیل کے کواڈ کاپٹر فرار ہونے پر مجبور

فلسطین کی مزاحمتی فورسز نے فائرنگ کر کے اسرائیل کے کواڈ کاپٹروں کو فرار ہونے پر مجبور کردیا۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق صیہونی حکومت کے کئی کواڈکاپٹروں نے اتوار کی صبح مرکزی غزہ کے علاقے سودانیہ اور الشاطی میں دراندازی کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔
مزاحمتی فورسز کی فائرنگ کے بعد اسرائیل کے جاسوس کواڈ کاپٹر علاقے سے فرار ہوگئے۔اس سے پہلے صیہونی فوج نے ہفتے کی شب ایک فلسطینی جاسوس طیارے کو غزہ اور مقبوضہ فلسطین کی سرحد کے درمیان واقع بفرزون میں مار گرانے کا دعوی کیا تھا۔
غزہ میں اسرائیلی کواڈ کاپٹروں کی دراندازی کا سلسلہ ایسے وقت میں جاری ہے کہ جب صیہونی فوجیوں اور مزاحمتی فورسز کے درمیان دو روز تک جاری رہنے والی حالیہ جنگ چودہ نومبر کو مصر کی وساطت سے بند ہوئی تھی۔
غزہ پر صیہونی فوجیوں کی حالیہ جارحیت میں کم سے کم چونتیس فلسطینی شہید ہوگئے تھے جن میں تین بچے اور ایک خاتون بھی شامل تھی۔
ان حملوں میں ایک سو دس افراد زخمی بھی ہوئے تھے جن میں زیادہ تعداد عورتوں اور بچوں کی تھی۔اسرائیل نے غزہ پر حالیہ جارحیت کے دوران اقوام متحدہ کے زیر انتظام چلنے والے ایک اسکول کو بھی نشانہ بنایا تھا جس میں چھے افراد شہید ہوگئے تھے۔

ٹیگس