Nov ۲۸, ۲۰۱۹ ۰۹:۳۹ Asia/Tehran
  • اسرائیلی بستیوں کی تعمیرغیرقانونی ہے : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اسرائیلی بستی کی تعمیراتی سرگرمیوں کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے اور یہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

انتونیو گوٹریس نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے بین الاقوامی دن کے پیش نظراپنے پیغام میں کہا کہ عالمی برادری کے سامنے اسرائیل - فلسطین تنازع کو حل کرنا اہم چیلنجوں میں سے ایک ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ گزشتہ چند برسوں میں اس سلسلے میں کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوئی اور واقعتاً حالات اور خراب ہوتے چلے گئےَ۔

اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ غیر قانونی بستیوں کی تعمیر، فلسطینی مکانوں کی تباہی اور غزہ میں بڑھتے تنازعات کو روکنا ہوگا۔ یہ تمام کام اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بنیاد پر ایک فلسطینی ملک کی قبولیت کو کمزور کرنے کے لئے کئے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس کی نمائندہ ماریا لوئزا ربیریو ویوٹی نے اس بین الاقوامی دن کے پیش نظر فلسطینی لوگوں کے حقوق کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی کمیٹی کی جانب سے منعقدہ ایک اجلاس میں گوٹریس کا یہ پیغام پڑھا۔

ٹیگس