Nov ۳۰, ۲۰۱۹ ۲۰:۱۴ Asia/Tehran
  • جارح سعودی اتحاد کی الدریہمی علاقے پر گولہ باری

جارح سعودی اتحاد نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مغربی یمن میں واقع صوبہ الحدیدہ کے الدریہمی علاقے پر گولہ باری کی ہے-

یمن کے المسیرہ ٹیلی ویژن نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی عرب اور اس کے ایجنٹوں نے الدریہمی کے علاقے پردسیوں مارٹر اور گولے فائر کئے ہیں۔ ابھی تک اس گولہ باری میں ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

جارح سعودی اتحاد نے حالیہ دنوں میں صوبہ الحدیدہ کے رہائشی علاقوں کو بارہا اپنے راکٹوں اور توپوں کے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

سوئیڈن میں صنعا اور ریاض کے وفود کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے مطابق صوبہ الحدیدہ میں اٹھارہ دسمبر دوہزار اٹھارہ بروز منگل سے فائر بندی شروع ہوئی تھی تاہم جارح سعودی اتحاد ہر روز اس کی خلاف ورزی کرتا ہے ۔

درایں اثنا یمن کی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے المیادین ٹیلی ویژن چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ سعودی اتحاد نے جنگ یمن کے سلسلے میں اپنا موقف تبدیل کردیا ہے لیکن اسرائیل اور امریکہ جنگ ختم ہونے کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔

محمد البخیتی نے مزید کہا کہ طاقت کا توازن تبدیل ہونے سے جارح سعودی اتحاد کو عملی طور پر جنگ میں شکست کا سامنا ہے۔

البخیتی نے یمن کے ڈرون طیارے کے ذریعے سعودی اتحاد کا اپاچی ہیلی کاپٹر مار گرائے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ سعودی عرب کے حق میں ہے کہ وہ یہ واضح پیغام سمجھ لے ورنہ اسے بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا۔

یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس، جارح سعودی اتحاد میں شگاف پیدا ہونے کا باعث ہوئی ہے یہاں تک کہ ریاض کے بعض اہم اتحادیوں نے اپنے فوجی یمن سے واپس بلا لئے ہیں یا ان کی تعداد کم کردی ہے۔

 

ٹیگس