Dec ۰۷, ۲۰۱۹ ۱۵:۱۸ Asia/Tehran
  • امریکی حکام بوکھلاہٹ کا شکار ہیں،عراقی ارکان پارلیمنٹ

عراقی پارلیمنٹ کے متعدد ارکان نے عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی کے بعض افسران کے خلاف امریکی پابندیوں کو واشنگٹن کی بوکھلاہٹ کی علامت قراردیا ہے۔

عراقی پارلیمنٹ کے حکمت اور الصادقون دھڑے کے ارکان نے اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں کہا کہ داعش کے خلاف جنگ میں حشد الشعبی کے کلیدی کردار نے امریکہ کو شدید بوکھلاہٹ میں مبتلا کردیا ہے۔

بیانات میں امریکہ کی جانب سے حشدالشعبی کے بعض افسران پر عائد کی جانے والی امریکی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو عراق کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا گیا ہے۔

الصادقون نامی پارلیمانی دھڑے کے ترجمان محمد الربیعی نے کہا ہے کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس امریکی سازشوں کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے یہی وجہ ہے کہ یہ تنظیم داعش کی حامی سامراجی طاقتوں کی آنکھوں میں کھٹک رہی ہے۔

امریکی محکمہ خزانہ نے جمعے کے روز چارعراقی عہدیداروں کے خلاف پابندیاں عائد کردی ہیں۔ اس سے پہلے امریکی محکمہ خزانہ نے اعلان کیا تھا کہ اس نے بحرین، کویت، عمان، قطر، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے تعاون سے ایران اور مزاحمتی محاذ سے وابستہ پچیس اداروں اور افراد پر پاپندیاں عائد کردی ہیں۔

ایران اور مزاحمتی محاذ کے خلاف تمام تر پابندیوں اور مخاصمانہ اقدامات کے باجود علاقے کے حالات سے اس بات کی نشاندھی ہوتی ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ خطے میں اپنے مطلوبہ اہداف کے حصول میں ناکامی سے دوچار ہے۔

ٹیگس