Dec ۲۱, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۱ Asia/Tehran
  • واپسی مارچ پر صیہونی فوجیوں کا حملہ، درجنوں فلسطینی زخمی

پچاسی ویں حق واپسی مارچ پر صیہونی فوجیوں کی وحشیانہ فائرنگ میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

 فلسطین کی وزارت صحت کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جمعے کی شام غزہ اور مقبوضہ فلسطین کی سرحد کے قریب ہفتہ وار گرینڈ واپسی مارچ میں شریک پرامن لوگوں پر صیہونی فوجیوں نے ایک بار پھر فائرنگ کی جس کی زد میں آکر کم سے کم 30 فلسطینی زخمی ہوگئے۔

صیہونی فوجیوں نے حق واپسی مارچ میں شریک فلسطینیوں کو براہ راست فائرنگ کا نشانہ بنانے کے علاوہ ان پر زہریلی آنسو گیس کے گولے بھی داغے ہیں جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینیوں کی حالت غیر ہوگئی ہے اور انہیں اسپتال میں داخل کرانا پڑا ہے۔

اس ہفتے کے حق واپسی مارچ کا عنوان تھا: الخلیل یہودی آباد کاری کے سامنے تسلیم نہیں ہو گا۔

تیس مارچ دوہزار اٹھارہ سے اب تک یہ فلسطینیوں کا مسلسل پچاسی واں ہفتہ وار حق واپسی مارچ تھا۔

فلسطینی عوام نے اپنے حقوق کی بازیابی کے لئے تیس مارچ دو ہزار اٹھارہ سے گرینڈ واپسی مارچ کا آغازکیا تھا جس کے تحت ہزاروں افراد ہر جمعے کو غزہ سے ملنے والی مقبوضہ فلسطین کی سرحدوں کی جانب مارچ کرتے ہیں۔ اس مارچ کا مقصد امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی اورغزہ کے ظالمانہ محاصرے کے خلاف احتجاج کرنا ہے۔

غاصب اسرائیل نے سن دو ہزار چھے سے غزہ کا محاصرہ کر رکھا ہے اور وہ وہاں بنیادی اشیا کی ضرورت کی ترسیل کی راہ میں شدید رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے جس کے نتیجے میں غزہ کے فلسطینیوں کو غذائی اشیا، ادویات اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

تیس مارچ دو ہزار اٹھارہ سے جاری فلسطینیوں کے گرینڈ واپسی مارچ پر صیہونی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں اب تک تین سو تیس سے زائد فلسطینی شہید اورکم سے کم بتیس ہزارزخمی ہو چکے ہیں۔

ٹیگس