Dec ۲۴, ۲۰۱۹ ۱۴:۰۹ Asia/Tehran
  • صوبہ ادلب میں دہشت گردوں کے خلاف شامی فوج کی شاندار کامیابی

شامی فوج نے شمالی صوبے ادلب میں دہشت گردگروہ جبہت النصرہ کے خلاف زبردست فوجی کارروائی کرتے ہوئے اس کے انتہائی اہم اڈے پر قبضہ کرلیا ہے۔

شام کے شمالی صوبے ادلب میں فوج نے دہشت گردوں کے خلاف اپنی کارروائی جاری رکھتے ہوئے متعدد جانب سے دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر زمینی کارروائی کی اور ادلب کے جنوب اور جنوب مشرقی علاقوں کے بہت سے دیہاتوں کو آزاد کرالیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی شامی فوج نے دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک اور زخمی کردیا جبکہ جبہت النصرہ کے ایک انتہائی اہم اڈے پر قبضہ کرلیا۔

ادلب میں موجود دہشت گرد گروہ اس وقت انتہائی کمزور پوزیشن میں ہیں اور وہ حالیہ لڑائیوں میں یکے بعد دیگرے شکست کھاتے جارہے ہیں۔ دہشت گرد گروہوں کے قبضے سے ادلب کو آزاد کرانے کے لئے جاری فوجی کارروائیاں بہت ہی طویل کارروائی مانی جارہی ہے۔ ایک طرف سے چونکہ ادلب صوبہ ترکی کی سرحد کے قریب واقع ہے تو ترکی شامی فوج کی کارروائیوں میں رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے اور دوسری جانب سے چونکہ ادلب کی آزادی شام میں دہشت گردوں کی مکمل شکست ہوگی تو امریکا اسرائیل ، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب نے بھی اب تک شامی فوج کی کارروائیوں میں مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کی ہے اور دہشت گردوں کی حامی یہ حکومتیں بدستور شام میں مداخلت کرکے دہشت گرد گروہوں کی حمایت کررہی ہیں۔

پچھلے دنوں شامی فوج نے صوبہ ادلب میں التح اور جرجناز قصبوں اور دسیوں کلومیٹر مربع علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔ المیادین ٹیلی ویژن چینل نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ جرجناز قصبہ اس لئے بھی اہم ہے کہ یہ ادلب کے مشرقی مضافاتی علاقے میں جبہت النصرہ کا اہم گڑھ مانا جاتا ہے دوسری جانب جرجناز کی آزادی کے بعد اب شامی فوج عملی طور پر معرۃ النعمان شہر سے صرف چار کلومیٹر کے فاصلے پر رہ گئی ہے اور حلب۔ دمشق شاہراہ کے ایک بڑے حصے پر اس کی پوری طرح نگرانی ہوگئی ہے۔ معرۃ النعمان شہر، حماہ اور حلب شہروں کے درمیان کی شاہراہ پر واقع دہشت گردوں کا ایک اہم اڈہ ہے۔

شامی فوج نے ادلب میں جنگی میدانوں میں اہم کامیابیاں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردوں کے لئے ٹینک شکن میزائل بنانے والے ایک خطرناک دہشت گرد ابوحذیفہ کو ادلب میں ہلاک کردیا ہے-

ادلب میں شامی فوج کی ان کامیابیوں سے دہشت گرد گروہوں خاص طور پر جبہت النصرہ دہشت گرد گروہ میں مایوسی پھیل رہی ہے اور اس کا شیرازہ تیزی کے ساتھ بکھر رہا ہے۔ اس درمیان شام میں دہشت گردوں کی شکست سے پریشان صیہونی حکومت نے دمشق کے مضافات میں شامی فوج کے اڈوں پر ہوائی حملے کئے ہیں۔

ٹیگس