Jan ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۳:۱۹ Asia/Tehran
  • جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر خطے کے عوام  اور گروہوں کا شدید ردعمل

ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر اور خطے میں استقامتی محاذ کے روح رواں جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے نائب سربراہ کی امریکی فوج کے ہاتھوں شہادت کے خلاف دنیا کے مختلف ملکوں میں شدید ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

ہندوستان کے زیرانتظام علاقے کرگل میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرنے کے امریکا کے دہشت گردانہ اور وحشیانہ اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
 
ہزاروں کی تعداد میں کرگل کے شہریوں نے اس احتجاجی مظاہرے میں امریکا مخالف نعرے لگا کر شہید جنرل قاسم سلیمانی کو انتہائی جذباتی انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔
مظاہرے میں شریک لوگ نعرے لگا رہے تھے کہ شہادت جنرل قاسم سلیمانی کا مقدر تھا لیکن امریکا کو اس وحشیانہ اقدام کا جواب دینا ہوگا ۔
کرگل میں مظاہرے کے شرکا نے اسلامی جمہوری نظام کی حمایت میں بھی فلک شگاف نعرے لگائے اور کہا کہ سامراجی طاقتوں کے خلاف استقامتی محاذ کی جدو جہد جاری رہے گی۔
اس درمیان علاقے کی سبھی مزاحمتی تنظیموں نے بھی جنرل قاسم سلیمانی پر امریکا کے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اعلان کیا ہے کہ ہم سب مل کر اس دہشت گردی کا جواب دیں گے۔
الحشد الشعبی عراق کے ترجمان احمد الاسدی نے کہا ہے کہ اس دہشت گردانہ کارروائی کا ذمہ دار امریکا اور اسرائیل ہے ۔
فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی نے اس دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم امریکا کے اس اقدام کا بھرپور جواب دیں گے اور بیت المقدس کی آزادی کی راہ میں شکست و ناکامی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
 
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی اقدامات سے جنگ کے شعلے اور بھڑکیں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی اقدامات علاقے کی اقوام کے مفادات اور خطے کے لوگوں کی آزادی و استحکام کے منافی ہیں۔
یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سربراہ عبدالملک بدرالدین الحوثی نے بھی جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے امریکی دہشت گردی کی مذمت کی ہے -
انصاراللہ یمن کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکا نے یہ دہشت گردی کرکے بہت بڑی غلطی کی ہے۔ عراق میں صدر دھڑے کے سربراہ مقتدی صدر نے بھی جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر مراجع کرام، رہبرانقلاب اسلامی اور ایران کے عوام اور حکومت کو تعزیت پیش کی ہے - مقتدی صدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے جیش المہدی کے جوانوں کو پوری طرح الرٹ کردیا ہے۔ 

ٹیگس