Jan ۰۴, ۲۰۲۰ ۰۸:۴۳ Asia/Tehran
  • جنرل سلیمانی کی شہادت کے خلاف پاکستان اور ہندوستان میں مظاہرے

پاکستان اور ہندوستان میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرنے کے امریکا کے دہشت گردانہ اور وحشیانہ اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

پاکستان کے مختلف شہروں میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی اپیل پر نماز جمعہ کے بعد لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی القدس بریگیڈ کے ممتاز کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور الحشد الشعبی کے کمانڈر ابو مہدی المہندس کی شہادت پر امریکہ کے وحشیانہ اقدام کی مذمت کی.

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سمیت لاہور اور کراچی میں نمازیوں نے احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کرکے امریکہ کے جھنڈے کو جلا دیا.

اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے سنیئر حکام ، کارکنوں اور عوام نے رہبر انقلاب اسلامی اور ایرانی قوم کو جنرل قاسم سلیمانی اور حشد الشعبی کے کمانڈرابو مہدی المہندس کی شہادت پرتعزیت پیش کرتے ہوئے مزاحمت کی تحریک کی حمایت کے سلسلے میں عالم اسلام کے رہنماؤں سمیت پاکستانی حکومت اور سیاسی گروہوں سے امریکہ کی تباہ کن پالیسیوں کے خلاف خاموش نہ رہنے کا مطالبہ کیا.

مظاہرین نے امریکہ مردہ باد اسرائیل مردہ باد کے نعروں کے ساتھ ساتھ ایرانی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

ادھر ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کےعلاقے کرگل میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کرنے کے امریکا کے دہشت گردانہ اور وحشیانہ اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

ہزاروں کی تعداد میں کرگل کے شہریوں نے سخت سردی کے باوجود اس احتجاجی مظاہرے میں امریکا مخالف نعرے لگا کر شہید جنرل قاسم سلیمانی کو انتہائی جذباتی انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔

مظاہرے میں شریک لوگ نعرے لگا رہے تھے کہ شہادت جنرل قاسم سلیمانی کا مقدر تھی لیکن امریکا کو اس وحشیانہ اقدام کا جواب دینا ہوگا ۔

مظاہرین نے اسلامی جمہوری نظام کی حمایت میں بھی فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے سامراجی طاقتوں کے خلاف استقامتی محاذ کی جدو جہد کی حمایت کا اعلان کیا۔

یاد رہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی القدس بریگیڈ کے ممتاز کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اورحشد الشعبی کے کمانڈرابو مہدی المہندس جمعہ کی رات بغداد میں امریکہ کی دہشت گردانہ کارروائی میں شہید ہوئے تھے۔

امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کے مطابق، ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ہوائی حملے اور جنرل سلیمانی کے قتل کا حکم دیا.

قائد اسلامی انقلاب نے جمعہ کے روز اپنے ایک بیان میں جنرل سلیمانی کی مظلومانہ شہادت پر ایران میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا.

اسلامی جمہوریہ ایران نے گزشتہ روز تہران میں تعینات سوئٹزرلینڈ کے سفیر کو جن کا ملک ایران میں امریکی مفادات کا نگہبان ہے محکمہ خارجہ میں طلب کیا تھا.

ٹیگس