Jan ۰۵, ۲۰۲۰ ۲۱:۰۴ Asia/Tehran
  • عراقی پارلیمنٹ نے امریکی فوجیوں کو بے دخل کرنے کا بل پاس کردیا

عراقی پارلیمنٹ نے اتوار کی شام، امریکہ سمیت تمام غیر ملکی فوجیوں کے انخلا کا بل بھاری اکثریت سے پاس کردیا ہے۔

  ہمارے نمائندے کے مطابق عراقی پارلیمنٹ کے ہنگامی اجلاس میں ایران کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابومہدی المہندس کو قتل کرنے کے لیے عراقی سرزمین کے استعمال پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے، امریکی فوجیوں کے انخلا سے متعلق مسودہ قانون کی منظوری دی گئی۔
عراقی پارلیمنٹ کا اجلاس مردہ باد امریکہ اور مردہ باد اسرائیل کے نعروں سے شروع ہوا۔
عراق کے کیرٹیکر وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اراکین پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک سے امریکی فوجیوں کے فوری انخلا کے حق میں ووٹ دیں۔انہوں نے عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی کو ملک کی سیکورٹی سسٹم کا حصہ قرار دیتے ہوئے، اس فورس کے اہداف پر امریکی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
 
وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایران کے تعاون کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ اس عرصے کے دوران ایران نے ہمارے ملک میں داعش کے خلاف جنگ میں موثر کردار ادا کیا ہے اور ہمارے عوام اور سیکورٹی اداروں کی بھرپور مدد کی ہے۔

ٹیگس