Jan ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۳:۴۱ Asia/Tehran
  • جنرل سلیمانی اور ساتھیوں کی شہادت، علاقائی سلامتی کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے

اقوام متحدہ کے یورپی ہیڈکوارٹر میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مندوب نے سردار محاذ استقامت جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کو خطے کے امن و سلامتی کے لئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔

جنیوا میں ترک اسلحہ سے متعلق عالمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے یورپی ہیڈ کوارٹر میں تعینات ایران کے سفیر اور مستقل مندوب اسماعیل بقائی ہامانہ نے امریکہ کے بزدلانہ حملے میں شہید جنرل سلیمانی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کو علاقائی امن و سلامتی کے خلاف خطرناک حملہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ بغداد میں امریکی فوج کا یہ دہشت گردانہ اقدام انسانی تہذیب کا مذاق اڑانے کے مترادف ہی نہیں بلکہ تمام تر عالمی قوانین اور ضابطوں کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔

اقوام متحدہ کے یورپی ہیڈکوارٹر میں ایران کے مستقل مندوب نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ مغربی ایشیا کے علاقے میں تشدد، بلوے، قتل و غارتگری، عدم استحکام، بدامنی اور ملکوں کے درمیان اختلافات کی بنیادی وجہ اس خطے میں امریکی فوج کی موجودگی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی ملک کے اعلی ترین فوجی افسر کو دوسرے ملک کے سرکاری دورے کے دوران قتل پر خاموشی قاتلوں کو مزید گستاخ اور جسور بنادے گی۔

بقائی ہامانہ نے عالمی قوانین اور اخلاقی ضابطوں پر امریکہ کی ریاستی دہشت گردی کے منفی اثرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر ٹھوس ردعمل دکھانے کا مطالبہ کیا تا کہ ایسے اقدامات کو دنیا میں معمول بننے سے روکا جاسکے۔اقوام متحدہ کے یورپی ہیڈکوارٹر میں ایران کے مستقل نمائندے نے امریکہ کے اس مجرمانہ فعل کے جواب میں ایران کے ردعمل کو پوری طرح سے ذمہ دارانہ اور عالمی قوانین و ضابطوں کے تحت دفاع کے جائز حق کے عین مطابق قرار دیا۔انہوں نے ایک بار پھر تہران کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کا پوری قوت کے ساتھ دفاع کیا جائے گا اور اس معاملے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ایران کے مستقل مندوب نے امریکی سفیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم نے ہمارے قومی ہیرو کو قتل تو کر دیا ہے لیکن یہ شخصیت ظلم و ناانصافی کے خلاف استقامت اور پائیداری کی ایسی ابدی مثال بن گئی ہے جس کی یاد رہتی دنیا تک ایرانیوں کے ذہنوں میں باقی رہے گی۔

قابل ذکر ہے کہ سردار محاذ استقامت جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس حشدالشعبی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابومہدی المہندس، تین جنوری کو بغداد ایئر پورٹ کے قریب امریکی فوج کے دہشت گردانہ حملے میں اپنے آٹھ دیگر ساتھیوں سمیت شہید ہوگئے تھے۔

ٹیگس