Feb ۰۲, ۲۰۲۰ ۱۴:۳۳ Asia/Tehran
  •  امریکی صیہونی منصوبے

فلسطینیوں کی جانب سے ناپاک امریکی صیہونی منصوبے"سینچری ڈیل" کی مخالفت اور عالمی سطح پر اٹھنے والے شدید اعتراضات کے درمیان پاکستان، افغانستان اور ملائیشیا سمیت دنیا کے مختلف ملکوں کےعوام نے مظاہرے کرکے اس گھناونی سازش کے مقابلے میں پوری طرح ہوشیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ملائیشیا کی قومی اعتماد پارٹی، قدس فاونڈیشن اوراسلامی مشاورتی کونسل سمیت متعدد شہری تنظیموں نے شیطانی "سینچری ڈیل" کو خطے میں بدامنی اورعدم استحکام کا باعث قرار دیا ہے۔

مذکورہ تنظیموں کے جاری کردہ بیانات میں کہا گیا ہے کہ اس شیطانی منصوبے کا مقصد ارض فلسطین کے زیادہ سے زیادہ حصے کو ہتھیانا اور فلسطینی قوم کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنا ہے۔

ملائیشیا کی تنظیموں کے مطابق فلسطین سے متعلق کوئی بھی منصوبہ اقوام متحدہ کی قرارداد دو سو بیالیس کے مطابق ہونا چاہیے جس میں اسرائیل کو انیس سو سڑسٹھ کی سرحدوں میں محدود کیا گیا ہے۔افغانستان کے سیاسی رہنماؤں اور علمائے کرام نے بھی پچھلے چند روز کے دوران اپنے بیانات اور تقاریر میں ناپاک امریکی صیہونی منصوبے"سینچری ڈیل" کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ افغان علما اور سیاسی رہنماؤں نے"سینچری ڈیل" کی رونمائی کے موقع پر بعض اسلامی ملکوں کے سفیروں کی وائٹ ہاؤس میں موجودگی کو شرمناک اور فلسطینی کاز سے غداری قرار دیا ہے۔افغانستان کی جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے سربراہ سید جواد حسینی نے اپنے بیان میں یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ افغانستان کے عوام اور سیاسی جماعتیں ہر اس تجویز کے مخالف ہیں جسے فلسطینی قوم مسترد کرتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک غاصب حکومت ہے اور ہم ہر حال میں اس کے خلاف اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ادھر پاکستان میں بھی سیاسی جماعتوں اور عوام کی جانب سے ناپاک صیہونی امریکی منصوبے سینچری ڈیل کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جارہا ہے۔جماعت اسلامی پاکستان کے نائب سربراہ لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے تمام تر اقدامات کا مقصد خطے میں اپنے ناجائز مفادات کو آگے بڑھانا اور غاصب صیہونی حکومت کا تحفظ کرنا ہے۔

پاکستان کے مختلف شہروں منجملہ دارالحکومت اسلام آباد میں پچھلے چند روز سے اس شیطانی منصوبے کے خلاف مسلسل مظاہرے کیے جا ر ہے ہیں، اسلام آباد میں ہونے والے ایسے ہی ایک مظاہرے میں شریک لوگوں نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے اور سرزمین فلسطین پر ناجائز قبضے کو قانونی شکل دینے کی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

مظاہرین نے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ ناپاک امریکی صیہونی منصوبے سینچری ڈیل کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور فلسطینیوں کے جائز اورقانونی حق کا دفاع کریں۔ بنگلہ دیش، ہندوستان اور انڈونیشیا سے بھی سرزمین فلسطین کے خلاف پیش کردہ ٹرمپ کے شیطانی منصوبے کے خلاف مظاہروں اور احتجاج کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ منگل کے روز وائٹ ہاؤس میں صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بن یامین نیتن یاھو اور بلو اینڈ وائٹ پارٹی کے سربراہ بنی گینٹز کے ساتھ ملاقات میں اپنے تیار کردہ ناپاک منصوبے سینچری ڈیل کا اعلان کیا تھا۔

امریکہ کے تیار کردہ ناپاک " سینچری ڈیل " منصوبے کے تحت بیت المقدس جہاں مسلمانوں کا قبلہ اول واقع ہے ، اسرائیل کے حوالے کردیا جائے گا، دیگر ملکوں میں مقیم فلسطینیوں کو اپنے آبائی علاقوں میں واپسی کا حق نہیں ہوگا جبکہ غزہ پٹی اور غرب اردن کا باقی ماندہ علاقہ ہی فلسطین کی ملکیت ہوگا۔

ٹیگس