Feb ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۹ Asia/Tehran
  • عالمی برادری کی جانب سے سینچری ڈیل مسترد

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے شرمناک منصوبے سینچری ڈیل کے خلاف مختلف ممالک اور غیرملکی شخصیات کے ردعمل کا سلسلہ جاری ہے تاہم سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین، فلسطین مخالف اس ظالمانہ منصوبے کی حمایت کر رہے ہیں۔

صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکی صیہونی سازش سینچری ڈیل کی رونمائی کے بعد، محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکریٹری کی تجویز پر او آئی سی نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں واقع اپنے ہیڈ کوارٹر میں پیر کو رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس طلب کیا ہے۔ سعودی عرب، او آئی سی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اس ہنگامی اجلاس میں قانون کے برخلاف اسلامی جمہوریہ ایران کے وفد کو شرکت کی اجازت نہیں دے رہا ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے ریاض کے اس غیرقانونی اقدام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کو اس اجلاس میں شرکت کی دعوت دیئے جانے کے باوجود سعودی عرب نے ایرانی وفد کیلئے ویزہ جاری نہیں کیا۔
دوسری جانب فرانس کے وزیر خارجہ جان ایو لودریان نے ڈونالڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں خودسرانہ انداز میں یکطرفہ اقدامات کا کوئی فائدہ نہیں ہے اور پیرس، اقوام متحدہ میں سینچری ڈیل کے بارے میں گفتگو کے لئے فلسطینیوں کے مطالبات کی حمایت کرتا ہے۔ 
فرانس کے صدر امانوئل میکرون نے بھی تیس جنوری کو کہا تھا کہ قیام امن کے لئے فریقین کا راضی ہونا ضروری ہے اور صرف ایک فریق کی مرضی سے امن قائم نہیں ہو سکتا۔ 
کرملین کے ترجمان دمیتری پیسکوف نے بھی سینچری ڈیل کے ظالمانہ منصوبے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی قرار دیا اور کہا کہ سینچری ڈیل پر فلسطینیوں کے ردعمل سے اس امریکی منصوبے کی بقا و دوام کے بارے میں شکوک و شبہات بڑھ گئے ہیں۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے انچارج جوزپ بورل نے اردن کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں امریکہ کے سازشی منصوبے کو نام نہاد امن منصوبہ قرار دیا اور کہا کہ یہ منصوبہ، فلسطین کی حمایت میں اقوام متحدہ کی قراردادوں اور انیس سو سڑسٹھ کی سرحدوں سمیت بہت سے بین الاقوامی معاہدوں کو چیلنج اور مشکلات سے دوچار کردے گا۔
دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے سینچری ڈیل نامی ظالمانہ اور شرمناک منصوبے کی مخالفت کے باوجود امریکی صدر ٹرمپ کے داماد اور مشیر جیرڈ کوشنر نے دھمکی دی ہے کہ اگر اس منصوبے کے اہداف پورے نہیں ہوئے تو خودمختار فلسطینی مملکت کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
جیرڈ کوشنر نے شرمناک سینچری ڈیل کی شکست و ناکامی پر پردہ ڈالنے کے لئے مزید کہا کہ اس منصوبے میں تبدیلی کے امکانات موجود ہیں۔ 

ٹیگس