Mar ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۵:۰۷ Asia/Tehran
  • افغانستان، درجنوں عام شہری طالبان کے قبضے سے آزاد

افغانستان کی وزارت داخلہ کہا ہے کہ طالبان کی جیل میں بند درجنوں عام شہریوں کو رہا کرالیا گیا ہے۔

کابل میں وزارت داخلہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق طالبان کی قید سے بانوے عام شہریوں کی رہائی صوبہ ارزگان میں فوج اور پولیس کی مشترکہ کاروائی کے دوان عمل میں آئی۔ رپورٹ کے مطابق رہائی پانے والے افراد کو طالبان نے صوبے کے شہر ترین کوٹ سے اغوا کیا تھا۔
افغانستان کے سیکورٹی ادارے اب تک سیکڑوں عام شہریوں کو طالبان کی قید سے رہا کرا چکے ہیں۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ صوبہ ہرات میں طالبان کے ایک حملے میں سات عام شہری مارے گئے ہیں۔ ہرات کے گورنر کے ترجمان جیلانی فرھاد نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ صوبے کے ضلع کشک رباط سنگی کے علاقے خواجہ نور میں کیے جانے والے اس حملے میں سترہ عام شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔
افغانستان میں طالبان نے ایسے حالات میں اپنے حملوں میں شدت پیدا کر دی ہے کہ جب انتیس فروری کو اُس نے امریکہ کے ساتھ صلح معاہدے ہر دستخط کئے تھے جس کے بعد اسکے حملوں میں کمی کی توقع کی جارہی تھی۔ تاہم ایسا دکھائی دیتا ہے کہ امریکہ کے دیگر معاہدوں اور سمجھوتوں کی طرح اس معاہدے کا بھی افغان عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہونچ پائے گا۔ 

ٹیگس