Mar ۱۰, ۲۰۲۰ ۲۰:۱۵ Asia/Tehran
  • جہاں امریکی ہیں، وہیں داعشی ہیں: عراقی کمانڈر

عراقی فوج نے ملک کے تین شمال مشرقی صوبوں میں فضائی آپریشن کرکے دسیوں داعشی عناصر کو ہلاک کردیا ۔

عراق کے سیکورٹی ذرائع نے خبردی ہے کہ بغداد کے شمال میں واقع حمرین پہاڑیوں پر عراقی فورس نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی اور داعش کے عناصر کا تعاقب جاری رکھتے ہوئے عراقی فضائیہ کی ہم آہنگی سے صوبہ کرکوک کے شہر مخمور کے جنوب میں ان کے خلاف ہوائی آپریشن کیا- ان فضائی حملوں میں دہشت گردوں کی نو سرنگیں تباہ ہوگئیں۔

دوسری جانب عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے کمانڈر نے کہا ہے کہ عراق میں داعش کے عناصر ان جگہوں پر روپوش ہیں جہاں امریکی فوجی تعینات ہیں-

الحشد الشعبی کے ایک سینیئر کمانڈر علی الحسینی نے داعش کی حمایت میں امریکی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی دہشت گرد فوج داعش کی حمایت کررہی ہے اور وہ انکے لئے کسی قسم کی مالی اور اسلحہ جاتی مدد فراہم کرنے سے گریز نہیں کرتی-

دوسری جانب صوبہ دیالہ میں دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کے حملے میں الحشد الشعبی کا ایک کمانڈر شہید جبکہ کئی فوجی زخمی ہوگئے ہیں -

قابل ذکر ہے کہ عراقی فورسز ملک میں داعش کے باقی بچے عناصر کا صفایا کرنے کے لئے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں انجام دے رہی ہیں -

ٹیگس