Mar ۲۳, ۲۰۲۰ ۲۲:۱۶ Asia/Tehran
  • مغربی ایشیا بھی کورونا کی لپیٹ میں

کورونا وائرس نے پورے مغربی ایشیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

خبری ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد پانچ سو گیارہ ہوگئی ہے۔ سعودی حکومت نے اسی کے ساتھ ملک میں پیر سے اکیس دن تک شبانہ کرفیو کا بھی اعلان کردیا ہے۔
ادھر عراق کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے انیس نئے مریضوں کا پتہ لگنے کے بعد ملک میں کورونا میں مبتلا افراد کی تعداد دو سو تینتس ہوگئی ہے۔
بحرین کی وزارت صحت نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس ملک میں ایک سو انچاس افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
لبنان کے وزیر اعظم حسن دیاب نے بھی خبر دار کیا ہے کہ لبنانی شہریوں کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کی پابندی نہ کئے جانے سے معلوم ہوتا ہے کہ انھوں نے اس کے خطرات کو سنجیدگی سے محسوس نہیں کیا ہے۔ انھوں نے اسی کے ساتھ اعلان کیا ہے کہ ملک کی فوج، نیشنل سیکورٹی کے ادارے، بلدیاتی کونسلوں اور سبھی متعلقہ اداروں کو احکامات صادر کر دیئے گئے ہیں کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ضروری اقدامات اور پابندیوں کا نفاذ کریں۔
لبنان میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد ننانوے اور اموات تین بتائی گئی ہے۔
کویت میں کورونا وائرس کے بارہ نئے کیس سامنے آنے کے بعد اس ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک سو اٹھاسی ہوگئی ہے۔
فلسطین کی وزارت صحت نے بھی اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس میں تقریبا ستر افراد مبتلا ہو چکے ہیں جن میں سے دو کا تعلق غزہ سے ہے۔
عمان کی وزارت صحت نے بھی اعلان کیا ہے کہ تین نئے کیس سامنے آنے کے بعد اس ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد پچپن سے زائد ہوگئی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں سرکاری رپورٹوں کے مطابق، کورونا وائرس میں مبتلا افرد کی تعداد ایک سو ترپن ہے۔
ادھر غاصب صیہونی حکومت کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد تقریبا ڈیڑھ سو ہو گئی ہے۔ صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بن یامین نتین یاہو نے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں کورونا وائرس سے دسیوں افراد مر چکے ہیں اور کوئی نہیں جانتا کہ مستقبل میں حالات کیا ہوں گے؟
یاد رہے کہ دنیا میں کورونا وائرس میں تین لاکھ اکتالیس ہزار سے زائد افراد مبتلا ہوچکے ہیں جن میں سے چودہ ہزار سات سو افراد موت کے منھ میں جا چکے ہیں اور ننانوے ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہونے میں کامیاب ہوئے  ہیں۔

ٹیگس