Apr ۰۸, ۲۰۲۰ ۲۱:۱۱ Asia/Tehran
  • بنگلہ دیش کے بانی کا قاتل گرفتار

بنگلادیش میں ، ملک کے بانی شیخ مجیب الرحمن کے قاتل کو گرفتار کر لئے جانے کی خبر ہے ۔

میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ بنگلادیش کے بانی شیخ مجیب الرحمن کے قاتل کیپٹن عبد المجید کو قتل کے پینتالیس سال بعد ڈھاکے میں گرفتار کر لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ کیپٹن عبد المجید کو سزائے موت دینے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شیخ مجیب الرحمن کے قاتل کیپیٹن عبد المجید کو دارالحکومت ڈھاکے میں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ایک رکشے میں سفر کر رہا تھا۔ کیپٹن عبدالمجید چند روز قبل ہی بنگلادیش واپس آیا تھا۔ کیپٹن عبد المجید کو فوجی بغاوت میں شریک دیگر افراد کے ہمراہ سزائے موت سنائی گئی تھی لیکن وہ ملک سے فرار ہوگیا تھا۔
بنگلادیش کے بانی شیخ مجیب الرحمن اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پندرہ اگست انیس سو پچھتر کو ایک فوجی بغاوت میں قتل کر دیئے گئے تھے۔ شیخ حسینہ واجد اور ان کی بہن شیخ ریحانہ ملک سے باہر تھیں اس لئے وہ قتل ہونے سے محفوظ رہیں۔ شیخ حسینہ بعد میں کئی بار ملک کی وزیر اعظم بنیں ۔ وہ اس وقت بھی بنگلادیش کی وزیر اعظم ہیں۔

ٹیگس