Apr ۱۲, ۲۰۲۰ ۱۸:۵۶ Asia/Tehran
  • مغربی ایشیا میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ

مغربی ایشیا میں بھی دنیا کے دیگر علاقوں کی طرح کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

سعودی حکومت نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں اعلان کیا ہےکہ ملک میں کورونا کے دو سو بہتر نئے مریضوں کا پتہ چلا ہے جس کے بعد اس ملک میں کورونا سے متاثرین کی تعداد دو ہزار آٹھ سو سے آگے بڑھ گئی ہے۔ رپورٹ میں، سعودی عرب میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد اکتالیس بتائی گئی ہے لیکن غیر سرکاری رپورٹوں میں سعودی عرب میں کورنا سے متاثرین اور اموات کی تعداد سرکاری رپورٹوں سے کہیں زیادہ ذکر کی گئی ہے۔
خلیج فارس کے ساحل پر آباد ملکوں میں کورونا سے متاثرین کی سب سے کم تعداد عمان میں ہے۔ عمان میں کورونا کے اڑتیس نئے کیس سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد چار سو ستاون ہو چکی ہے جن میں سے ایک سو نو افراد صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ تین افراد کو جان سے ہاتھ بھی دھونا پڑا ہے۔
کویت میں کورونا کے پچپن نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد اس ملک میں کورونا سے متاثرین کی تعداد نو سو دس ہو گئی ہے۔
قطر میں کورونا سے متاثرین کی تعداد دو ہزار تین سو چھہتر ریکارڈ کی گئ ہے جن میں سے دو سو چھے افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔
متحدہ عرب امارت میں کورونا کے تین سو نئے معاملات کی تصدیق کی گئ ہے جس کے بعد کورونا سے متاثرین کی تعداد دو ہزار چھے سو انسٹھ تک جا پہونچی ہے۔
لبنان میں کورونا کے سات نئے کیس سامنے آئے ہیں اور کورونا میں مبتلا افراد کی کل تعداد پانچ سو بیاسی بتائی گئی ہے۔
عراق کی وزارت صحت نے مزید تیس افراد کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر دی ہے۔ عراقی وزارت صحت کے مطابق کورونا میں مبتلا کل ایک ہزار دو سو بتیس افراد میں سے انہتر افراد جاں بحق اور چار سو چھیانوے صحتیاب ہو چکے ہیں۔
ادھر اردن میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے پورے ملک میں اڑتالیس گھنٹے کے کرفیو کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اردن کی پولیس نے بتایا ہے کہ کرفیو پر عمل درآمد کرانے کے لئے ملک کے سبھی علاقوں میں پولیس کی نفری بڑھا دی گئی اور ڈرون کے ذریعے بھی نگرانی کی جارہی ہے۔ اردن میں کورونا میں مبتلا افراد کی تعداد تین سو بہتر اور اموات سات بتائی گئی ہیں۔
یمن کے علاقے حضر موت میں بھی کورونا سے ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی خبر ہے۔
فلسطین میں کورونا سے متاثرین کی تعداد دو سو ترسٹھ بتائی گئی ہے۔ فلسطین میں بھی کورونا سے ایک فرد کی موت کی خبر ہے۔ اس دوران فلسطینی انتظامیہ کے وزیر اعظم محمد آشتیہ نے بتایا ہے کہ کورونا سے فلسطین کو اب تک تین ارب چار سو ملین ڈالر کا نقصان پہنچ چکا ہے۔
اُدھر مقبوضہ فلسطین میں کورونا سے متاثرین کی تعداد دس ہزار پانچ سو سے تجاوز کر چکی ہے جن میں سے ستانوے ہلاک بھی ہوئے ہیں۔

ٹیگس