Apr ۱۲, ۲۰۲۰ ۱۸:۱۸ Asia/Tehran
  • یمن میں حقیقی جنگ بندی ہونی چاہئے: انصار اللہ

یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کو یمن میں جنگ بندی معاہدہ مکتوب شکل میں کرنا چاہئے۔ دوسری طرف محمد علی الحوثی نے جارح سعودی اتحاد پر یمن میں کورونا وائرس پھیلانے کی مجرمانہ کوشش کرنے کا بھی الزام عائد کیا ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے کہا ہے کہ یمن کے خلاف جارحیت کرنے والوں کو جنگ بندی معاہدہ مکتوب شکل میں کرنا چاہئے کہ جسے اقوام متحدہ کی بھی تائید و حمایت حاصل ہو۔ 
محمد علی الحوثی نے ملک میں جنگ بندی کے لئے یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹین گریفتھس کی درخواست کے جواب میں قیام امن کا اہتمام کئے جانے پر تاکید کی ہے۔
جارح سعودی عرب کے یمن میں جنگ بندی کے دعوے کے تین دن بعد یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نے تحریک انصار اللہ اور منصور ہادی کی مستعفی حکومت کو نئی تجاویز پیش کی ہیں ۔ 
مارٹین گریفتس نے اعلان کیا ہے کہ یہ نئی تجاویز پورے یمن میں جنگ بندی، یمنی عوام کے مسائل و مشکلات کم کرنے کے لئے اقتصادی و انسانی فیصلے کے پیکیج ، کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے یمن کی مدد اور سیاسی عمل کو فوری طور پر شروع کئے جانے پر مشتمل ہیں۔ 
مارٹین گریفیتس نے ایسے عالم میں یہ تجاویز پیش کی ہیں کہ تین روز قبل جارح سعودی اتحاد نے بھی کورونا وائرس پھیلنے کے بہانے دو ہفتے کی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا لیکن اس نے جنگ بندی کے فورا بعد سے ہی بار بار اس کی خلاف ورزی کرنا شروع کردی اور اب بھی یمن کے مختلف علاقوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔ 
درایں اثنا یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی محمد عبد السلام نے کہا کہ یمن کے صوبے حضرموت کے علاقے الحشر کے حوالے سے سامنے آنے والی رپورٹ سے بخوبی واضح ہوتا ہے کہ جارح سعودی اتحاد حضرموت اور اس علاقے کے عوام کو کورونا وائرس میں مبتلا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ان یہ کا بیان ایسے عالم میں سامنے آیا ہے کہ جمعے کو یمن کی قومی حکومت نے حضرموت میں ایک شخص کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر دی تھی۔ انصاراللہ کے ترجمان محمد عبد السلام اس سے پہلے بھی یمن میں کورونا وائرس پھیلانے کی کوشش پر جارح سعودی اتحاد کو خبردار کر چکے ہیں۔ 
واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکا اور دیگر مغربی ملکوں کی حمایت کے زیر سایہ مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کر رہے ہیں۔ اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی اور دسیوں لاکھ یمنی بے گھر اور در بدر ہو چکے ہیں جبکہ جارح سعودی اتحاد کی جانب سے یمن کے بری ، بحری اور فضائی محاصرے کے باعث اس غریب عرب ملک کو غذاؤں اور دواؤں کی شدید قلت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 

ٹیگس